سورج مکھی کی فصل سے بہتر پیداوار کیلئے پودوں کی غذائی ضروریات کا درست پتہ ہونا بہت ضروری ہے،ماہرین زراعت

منگل 10 مارچ 2020 15:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2020ء) پنجاب کی زمینوں میں کبیرہ و صغیرہ عناصر سمیت زنک و بوران کی تیزی سے کمی ہونے لگی ہے جس کے خاتمہ اور زرعی اجناس کی بہترپیداوار کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو ماہرین زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے ۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ ۱ٓری فیصل ۱ٓباد کے ماہرین زراعت نے بتایاکہ یہ بات اپنی جگہ پر مسلمہ ہے کہ زمین کی زرخیزی بڑھانے کیلئے سبز کھادوں اور گوبر کی کھاد کا استعمال کرنا چاہیے نیز سبز کھادیں تو فصلوں کے ہیر پھیر سے زینت کھیت بن سکتی ہیں۔

اس لئے اگرسبز کھاد ممکن ہو تو بہت ہی بہترہے تاہم اگر سبز کھاد میسر نہ ہو تو 10سے 15ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد (روڑی) فصل کاشت کرنے سے ایک ماہ پہلے کھیت میں ڈال کر ہل چلانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گوبر کی تازہ کھاد زمین میں ڈالنے سے ایک طرف تو غذائی عناصر کی فراہمی فصل کو مناسب نہیں ہوتی دوسری طرف یہ فصل پر دیمک کا سبب بھی بنتی ہے۔انہوںنے کہاکہ سورج مکھی کی فصل سے بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے پودوں کی غذائی ضروریات کا درست پتہ ہونا بہت ضروری ہے اسلئے اس مقصد کی غرض سے ہمیں اپنی زمینوں کی مٹی کا تجزیہ کروانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کے سو کلو گرام بیجوں میں 6 کلو گرام نائٹروجن، 2 کلوگرام فاسفورس اور 18 کلوگرام پوٹاش پائی جاتی ہے اس طرح یہ غذائی اجزا پودے نے زمین ہی سے حاصل کئے ہوتے ہیں جوکہ ہمیں اس کے بیجوں میں ملتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جو فاسفورس پودے نے زمین سے جذب کی ہوتی ہے اس کا تین چوتھائی بیجوں میں پایا جاتا ہے اس لئے نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاش اگر مقرر کردہ تناسب میں ڈالی جائے تو بیج کی پیداوار اور تیل دونوں زیادہ حاصل ہوتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ نائٹروجن کی کمی سے سورج مکھی کے پھول کی جسامت چھوٹی رہتی ہے اور پھول کے مرکز میں بننے والے بیج بھی گری کے بغیر ہوتے ہیں جس سے پیداوار پر منفی اثر ہوتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ فاسفورس کی کمی سے بیجوں کا سائز اور ان میں بننے والا تیل دونوں میں کمی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ماہرین زراعت کے مشوروں پر عمل کریں تاکہ جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے باعث انہیں کم خرچ میں اچھی پیداوار حاصل ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :