امریکی صدر کا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ

حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے برازیلی صدر وائرس کا شکار بن گئے

جمعہ 13 مارچ 2020 20:51

امریکی صدر کا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ2020ء) امریکی صدر کا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ، حال ہی میں ٹرمپ سے ملاقات کروانے برازیلی صدر وائرس کا شکار بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ یہ قیاس آرائیاں تب شروع ہوئیں جب حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقاتیں کرنے والے کچھ لوگوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خود سے ملاقاتیں کرنے والے افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد خدشہ لاحق ہوگیا ہے کہ شاید وہ بھی وائرس سے متاثر ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تاحال وائٹ ہاؤس یا امریکی صدارتی دفتر کے کسی ملازم یا ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی عہدیداروں میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

تاہم امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران غیر ملکی عہدیداروں سمیت کئی امریکی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اب سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ چند دنوں کے دوران جن افراد سے ملاقاتیں کیں ان میں سے کچھ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس خبر نے امریکی صدر کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گزشتہ ہفتے ملاقات کرنے والے برازیلی صدر اور ان کے ترجمان فیبیو ونگرتن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کو تشویش لاحق ہوگئی اور انہوں نے کچھ مصروفیات کو ملتوی یا منسوخ بھی کردیا۔ تاہم اس حوالے سے تاحال وائٹ ہاوس حکام ڈونلڈ ٹرمپ کی تشویش اور سرگرمیاں منسوخ کرنے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار قرار دے رہے ہیں، جبکہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ امریکی صدر نے کسی بھی ایسے شخص سے ملاقات نہیں کی جس میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہو۔ صدارتی محل کی میڈیکل ٹیم نے اس بات کو یقینی بنا رکھا ہے کہ امریکی صدر اور نائب صدر سمیت ان کے اہل خانہ اور پورے صدارتی محل کا عملہ صحت مند رہے اور وہ وائرس سے متعلق احتیاط سے کام لے۔ تاہم اس حوالے سے بین الاقوامی میڈیا پر آنے والی خبریں کچھ اور ہی کہانی بیان کر رہی ہیں۔