سہیل تنویر 350 ٹونٹی ٹونٹی وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی باولر بن گئے

شاہد آفریدی 339 وکٹوں کیساتھ دوسرے،وہاب ریاض 296 شکاروں کیساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 14 مارچ 2020 17:49

سہیل تنویر 350 ٹونٹی ٹونٹی وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی باولر بن گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مارچ2020ء ) قومی ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ باولر سہیل تنویر ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 350 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی گیند باز بن گئے ہیں۔35 سالہ سہیل تنویر نے جمعے کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ،کراچی میں پشاور زلمی کے خلاف میچ میں امام الحق کو وکٹ حاصل کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔سہیل تنویر یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے چھٹے گیند باز اور تیسرے فاسٹ باولر ہیں، ان کے خلاف سری لنکا کے لاستھ مالنگا اور ویسٹ انڈیز کے ڈووین براوو بھی 350 ٹونٹی ٹونٹی شکار مکمل کرچکے ہیں،یاد رہے کہ سہیل تنویر پاکستان کے لیے 57 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 54 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔

انہوں نے اب تک 336 ٹونٹی ٹونٹی مقابلوں میں 24.57 کی اوسط سے 351 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی 339 وکٹوں کے ساتھ دوسرے کامیاب ترین پاکستانی باولر ہیں، فاسٹ باولر وہاب ریاض 296 شکاروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں، سابق پاکستان آل راونڈر یاسر عرفات اب تک281 ٹونٹی ٹونٹی شکار کرچکے ہیں ، سابق آف سپنر سعید اجمل نے اپنے کیریئر میں271 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے سابق آل راونڈر اظہر محمود 258 وکٹیں حاصل کرکے چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں، فاسٹ باولر عمر گل 215 ٹونٹی ٹونٹی وکٹیں حاصل کرکے ساتویں پوزیشن پر براجمان ہیں، فاسٹ باولر محمد عامرنے199 وکٹیں لیکر آٹھویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے، سابق قومی پیسرمحمد سمیع نے 183 وکٹوں کے ساتھ نوویں پوزیشن پر قبضہ جمایا ہوا ہے،قومی ٹیم کے آل راونڈر محمد حفیظ 176 وکٹوں کے ساتھ دسویں پوزیشن پر موجود ہیں،فاسٹ باولر جنید خان نے 173 وکٹوں کے ساتھ گیارہویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے،قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر رانا نوید الحسن 153 وکٹیں لیکر بارہویں پوزیشن پر موجود ہیں،آل راونڈر عماد وسیم 152 وکٹوں کے ساتھ تیرہویں پوزیشن پر براجمان ہیں ، دنیا کے لمبے ترین باولرمحمد عرفان نے 147 وکٹوں کے ساتھ چودہویں پوزیشن سنبھال رکھی ہیں، سابق کیپتان شعیب ملک 147 وکٹوں کے ساتھ پندرہویں پوزیشن پر موجود ہیں،لیگ سپنر شاداب خان 142 وکٹیں لیکر سولہویں پوزیشن پر براجمان ہیں،سابق آل راونڈر عبدالرزاق 135 وکٹوں کے ساتھ سترہویں اور فاسٹ باولر حسن علی 132 شکاروں کے ساتھ اٹھارہویں نمبر پر موجود ہیں، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعزاز چیمہ 121 وکٹیں لیکر انیسویں پوزیشن پر براجمان ہیں،آل راونڈر انور علی نے 121 وکٹیں لیکر بیسویں پوزیشن پر قبضہ جمایا ہوا ہے۔