پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 53 ہو گئی ہے، ملک میں وائرس کے ٹیسٹ کیلئے 13 لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں، عوام پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کرا کر پیسے اور وقت کا ضیاع نہ کریں، شک کی بنیاد پر ٹیسٹ نہ کرائیں، علامات ظاہر ہوں تو گھروں سے باہر نہ نکلیں، 1166 پر رابطہ کریں، قوم ذمہ داری کا ثبوت دے تاکہ مل جل کر وائرس پر قابو پایا جا سکے

سندھ حکومت کا سکھر میں قرنطینہ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ اچھا اقدام ہے، ایران سے آنے والے زائرین کو 14 دن تک قرنطینہ میں رکھا گیا، تفتان سے آنے والے زائرین کے سکھر میں پھر ٹیسٹ کئے گئے، سندھ حکومت اگر ٹیسٹ نہ کرتی تو ہمیں ان مریضوں کا علم نہ ہوتا اور وائرس زیادہ پھیل جاتا معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی نجی ٹی وی چینل میں خصوصی گفتگو

اتوار 15 مارچ 2020 23:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 53 ہو گئی ہے، ملک کے بڑے شہروں میں کورونا وائرس ٹیسٹ کیلئے 13 لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں جہاں پر مشتبہ افراد کے مفت ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں، عوام پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کرا کر پیسے اور وقت کا ضیاع نہ کریں، حکومت کے اقدامات کی بدولت دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں وائرس کے کیسز کم ہیں، قوم ذمہ داری کا ثبوت دے تاکہ مل جل کر اس وائرس پر قابو پایا جا سکے۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کٹس دنیا بھر میں محدود ہیں اسلئے شک کی بنیاد پر ٹیسٹ نہ کرائیں، جن لوگوں کے رشتہ دار باہر سے نہ آئے ہوں انہیں ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں، البتہ جن لوگوں کے رشتہ دار باہر سے آئے ہوں اور ان میں علامات ظاہر ہوں تو وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں، ہماری ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں اور گھر میں رہ کر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ سندھ حکومت کا سکھر میں قرنطینہ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ اچھا اقدام ہے، ایران سے آنے والے زائرین کو 14 دن تک قرنطینہ میں رکھا گیا، تفتان سے آنے والے زائرین کے سکھر میں پھر ٹیسٹ کئے گئے، سندھ حکومت اگر ٹیسٹ نہ کرتی تو ہمیں ان مریضوں کا علم نہ ہوتا اور وائرس زیادہ پھیل جاتا۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ایران میں زائرین قم گئے جو وائرس کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وائرس کے بارے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور آج پیر سے ان میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اگر احتیاطی تدابیر اور ہدایات پر عمل کریں تو اس وائرس کے پھیلائو کو روکا جا سکتا ہے۔