شہرقائد،نارتھ ناظم آباد اور لیاقت آبادمیں واقع دورہائشی عمارتیں ایک طرف جھک گئیں،میئر کراچی کی ہدایت پر عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا

پیر 16 مارچ 2020 15:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2020ء) شہرقائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد کوثر نیازی کالونی اور لیاقت آباد 10نمبرمیں واقع دورہائشی عمارتیں ایک طرف جھک گئیں، میئر کراچی کی ہدایت پر عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں دو اور رہائشی عمارتیں شہریوں کیلیے خطرہ بن گئی ہیں، نارتھ ناظم آباد کوثر نیازی کالونی میں 4 منزلہ اور لیاقت آباد 10نمبرمیں واقع2 رہائشی عمارتوں نے اپنی جگہ چھوڑ دی۔

عمارتوں کے ایک طرف جھکنے کے بعد پولیس، رینجرز، بلدیاتی نمائندے اور ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر عمارتوں کو گھیرے میں لے لیا ہے، ریسکیو اہلکاروں نے میئر کراچی کے حکم پر عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کو نکالنا شروع کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کوثر نیازی کالونی میں واقع 4 منزلہ رہائشی عمارت نے اپنی جگہ چھوڑ دی۔

(جاری ہے)

عمارت کے ایک طرف جھکنے کے بعد پولیس، رینجرز، بلدیاتی نمائندے اور ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر عمارت کو گھیرے میں لے لیا ہے، ریسکیو اہلکاروں نے میئر کراچی کے حکم پر عمارت میں رہائش پذیر افراد کو نکالنا شروع کردیا ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ عمارت ایک جانب جھکنے سے کسی بھی وقت گرسکتی ہے، فائربریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، عمارت گرنے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ایس بی سی اے ذرائع کے مطابق مکینوں نے عمارت میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس پر رینجرز اور پولیس نے عمارت کو حصار میں لے لیا اور مکینوں کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش پر رینجرز نے صورتحال کنٹرول کی۔

ذرائع کے مطابق منگل کی صبح 6 بجے بلڈنگ کو گرانے کیلئے آپریشن شروع کیا جائے گا، متاثرہ بلڈنگ 60 گز پر غیر قانونی طریقے سے بنائی گئی ہے جبکہ کئی سال پہلے بلڈنگ کی جگہ کچرا کنڈی ہوا کرتی تھی۔ذرائع نے بتایاکہ محکمہ کچی آبادی نے جعلی لیز دے کر بلڈنگ تعمیر کرنے کی اجازت دی تھی، مالک حنیف نامی شخص ہے جس نے بلڈنگ کرائے پر دی ہوئی تھی اور 60 گز کی جگہ پر پانچ دکانیں اور تین فلورز قائم کیے ہوئے تھے جبکہ ان تین فلورز پر آٹھ فلیٹ بنے ہوئے تھے۔

ایس بی سی اے حکام کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے بعد لیاقت آباد میں بھی عمارت نے اپنی جگہ چھوڑ دی، 4لیاقت آباد دس نمبر پر 3 منزلہ عمارت میں دراڑیں ہونے کے پیش نظر عمارت خالی کرالی گئی، عمارت میں ایک فیملی سمیت اور ہوٹل کے ملازمین رہائش پزیر تھے۔ایس بی سی اے حکام کے مطابق حکام کے مطابق عمارت میں دراڑیں پڑگئی ہیں،پلرز کے جگہ چھوڑنے عمارت ایک جانب جھک گئی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت کے نیچے والے فلور پر مالک نے ہوٹل بنانے کے لئے کام کروایا تھا جس کی وجہ سے بلڈنگ کی بنیادیں کمزور ہوئی ہیں، دراڑیں آنے کی وجہ سے خدشہ ہے کہ بلڈنگ گر جائیگی۔عمارت کے ایک فلور پر ایک فیملی اور دوسرے پر ہوٹل میں کام کرنے والے ملازم رہتے ہیں۔ پولیس کے مطابق ٹیم کے معائنے کے بعد بلڈنگ کو گرانے کا فیصلہ کیا جائیگا۔۔