صوبائی وزیر کی زیر صدارت کرونا وائرس کے حفاظتی اقدامات بارے جائزہ اجلاس

تمام افسران محکمہ صحت کی مقرر کردہ گائیڈ لائنز پر عمل کریں، ملک نعمان احمد لنگڑیال

منگل 17 مارچ 2020 22:58

لاہور۔17مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2020ء) وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے زراعت ہاؤس لاہور میں کروناوائرس کے حفاظتی اقدامات کے متعلق لائحہ عمل کی تیاری بارے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید،ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) محبوب عالم، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ)عبیداللہ کھوکھر،منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن محمود بھٹی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) ڈاکٹر عابد محمود،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر انجم علی، محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب اور چیف میڈیا ایڈوائزر برائے وزیر زراعت پنجاب شاہد قادر سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے تمام افسران کو کرونا سے متعلق حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ تمام افسران محکمہ صحت کی مقرر کردہ گائیڈ لائنز پر من و عن عمل کریں، اس کے علاوہ تمام افسران و عوام اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعا کریں کہ اس آفت سے جلد از جلد نجات ملے۔ وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے نتیجے میں عوام کو زرعی اجناس کی ترسیل جاری رکھنے کی خصوصی ہدایت کی اور اس سلسلے میں شعبہ مارکیٹنگ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ زرعی منڈیوں میں مقرر کردہ ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر انجم علی کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں صوبہ بھرمیںگندم کی ہونے والی کٹائی اور کپاس کی بوائی کے متعلق جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔