سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 67 کیسز سامنے آگئے

مملکت میں وائرس سے متاثرہ کل مریضوں کی تعداد 238 ہوگئی، وائرس پر قابو پانے کیلئے ملک کو لاک ڈاون کیا جا چکا

muhammad ali محمد علی بدھ 18 مارچ 2020 23:04

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 67 کیسز سامنے آگئے
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ2020ء) سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 67 کیسز سامنے آگئے، مملکت میں وائرس سے متاثرہ کل مریضوں کی تعداد 238 ہوگئی، وائرس پر قابو پانے کیلئے ملک کو لاک ڈاون کیا جا چکا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا (کوویڈ 19) کے 67 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 238 ہوگئی ہے۔

 بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت صحت کے مطابق رپورٹ ہونے والے تازہ ترین کیسز میں سے پہلے تین کیسز میں ایسے شہری شامل ہیں جو جرمنی ، برطانیہ اور اردن سے آئے۔ انہیں جدہ کے ایک اسپتال میں قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔مصر سے آنے والی ایک خاتون اور ایک مرد بھی کرونا کے مریض نکلے جب کہ ایک خاتون ترکی سے واپس آئی اور اس کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو نکلا ہے۔

(جاری ہے)

عراق سے سعودی عرب آنے والے 10 افراد میں کرونا وائرس پایا گیا۔ ایک شہری اٹلی سے چند روز قبل واپس لوٹا تھا جس میں کرونا کی تصدیق کی گئی ہے۔وزارت صحت نے بتایا کہ کرونا کے تین کیسز میں اسپین سے آنے والے تین شہری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اردن ، عمان ، بھارت، برطانیہ ، ترکی ، سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا سے متعدد سے آنے والے افراد کرونا کے مریض نکلے۔

سعودی وزارت صحت نے بتایا کہ سعودی عرب میں کرونا کے کل متاثرین کی تعداد 238 ہوگئی ہے جب کہ 6 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ سعودی عرب کو کرونا وائرس خدشات کے باعث تقریباً لاک ڈاون کیا جا چکا ہے۔ اس وقت سعودی عرب میں کسی غیر ملکی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں۔ جبکہ کسی بھی شخص کو سعودی عرب سے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کو قابو میں کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔