محکمہ زراعت کاصرف ضروری سٹاف دفتروں میں کام سرانجام دیگا،محکمہ زراعت پنجاب

عوام کے ایمرجنسی رابطہ کیلئے ٹیلی فون نمبر جاری کر دئیے گئے، ترجمان

جمعرات 19 مارچ 2020 22:01

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2020ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کو دفتروں میں ضروری سٹاف بلانے کی ہدایت کی ہے جبکہ بقایا سٹاف اپنے گھروں میں موجود رہ کر ٹیلی فونک رابطہ یا ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا کام سرانجام دے گا۔

یاد رہے کل حکومت پنجاب نے تمام صوبہ کے دفاتر کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے دفاتر میں صرف ضروری عملہ موجود رہے گا اور عوام کسی بھی رابطہ کیلئے سرکاری دفاتر میں آنے کی بجائے صرف ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے۔اس ضمن میں عوام محکمہ زراعت پنجاب سے فون نمبر042-99210505یا042-99210130 اور موبائل نمبر0334-4901935پر دفتری اوقات میں رابطہ کر سکیں گے جبکہ حکومت کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں اُن کا دفاتر میں آنا ممنوع ہو گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کے باعث محکمہ زراعت کے کاشتکاروں کے تربیتی پروگرام کے انعقاد کا التواء کیا جا چکا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب اس دوران کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا(یوٹیوب چینل،فیس بک اور ٹویٹر) کے ذریعے کاشتکاروں کی راہنمائی کرے گا۔محکمہ نے گندم کی ہونے والی کٹائی اور کپاس کی بوائی کیلئے حکمت عملی وضع کر لی ہے۔

مزید براں تمام زرعی منڈیاں کسی بھی صورتحال میں عوام کو معمول کے مطابق سروسز فراہم کریں گی۔ترجمان نے عوام سے گزارش کی کہ وہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل کریں اور دفتری اوقات میں دئیے گئے فون نمبرز پر رابطہ کریں اور دفاتر آنے سے گریز کریں۔کسی بھی فنی راہنمائی کیلئے کاشتکار زرعی ہیلپ لائن کے فون نمبر0800-17000پر بھی بروز سوموار تا جمعہ صبح9 بجے تا شام5بجے تک رابطہ کر سکتے ہیں۔