حکومت کا مزدوروں کیلئے اعلان کردہ ماہانہ امداد تین ہزار روپے بہت کم ہے،میاں محمد اسلم

تین ماہ کے لیے پٹرول سمیت پانی بجلی گیس پر ہر طرح کے ٹیکس ،ڈیوٹی اور سرچارجز وغیرہ ختم کر دیئے جائیں،یو نین کونسل میرا اکو، میر اجعفر میں ماسک ،سینی ٹائزراور دیگر ضروری اشیا ء تقسیم کر نے کے موقع پر گفتگو

بدھ 25 مارچ 2020 22:52

حکومت کا مزدوروں کیلئے اعلان کردہ ماہانہ امداد تین ہزار روپے بہت کم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے حکومت کا مزدوروں کیلئے اعلان کردہ ماہانہ امداد تین ہزار روپے بہت کم ہے اسے کم از کم نو ہزار کیا جائے ،جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دنیا بھر میں تیس فیصد تک گرگئی ہیں مگر وزیر اعظم نے صرف 15روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے جو ناکافی ہے ،تین ماہ کے لیے پٹرول سمیت پانی بجلی گیس پر ہر طرح کے ٹیکس ،ڈیوٹی اور سرچارجز وغیرہ ختم کر دیے جائیں۔

انھوں نے کہا اس وقت سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر ملک و قوم کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے ۔حکومت تنہا اتنی بڑی مصیبت سے نہیں لڑ سکتی ،قوم کے ہر فرد کو اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یو نین کونسل میرا اکو، میر اجعفر میں ماسک ،سینی ٹائزراور دیگر ضروری اشیا ء تقسیم کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا اس وقت پوری قوم کو متحد ہوکر کورونا وبا سے لڑنے کی ضرورت ہے ،حکومت اور ریاست کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے ،حکومت عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے جو بھی اقدامات کررہی ہے ہم اس کی تائید کرتے ہیں اور ان کی کامیابی کیلئے ہر طرح کا تعاون دینے کو تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی و دینی جماعتیں اور فلاحی ادارے بیماری کے خلاف لڑنے اور اسے شکست دینے کیلئے کمربستہ ہوجائیں تو ہم بہت جلد اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔انھوں نے کہا جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے ہزاروں کارکنا ن اول روز سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔عوام کو احتیاطی تدبیر کے حوالے سے آگاہی کے ساتھ ساتھ ہمارے کارکنان عوام میں ماسک ،سینی ٹائزراور دیگر ضروری اشیا ء بھی تقسیم کررہے ہیں اور دیہاڑی دار مزدوروں اور نادار و مستحق لوگوں میں خشک راشن اور پکاہوا کھانا بھی پہنچا رہے ہیں۔