نیب کو احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے ایک مزیدماہ کی مہلت

نون لیگی راہنماءپر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے کورونا وائرس حفاظتی تدابیر کے تحت پیش نہ ہوئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 26 مارچ 2020 13:29

نیب کو احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے ایک مزیدماہ کی مہلت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 مارچ۔2020ء) نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے مزید ایک ماہ کی مہلت مل گئی ہے. احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت کی جس میں مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے‘کیس کی سماعت کے موقع پر کورونا وائرس حفاظتی تدابیر کے تحت احسن اقبال خود عدالت میں پیش نہ ہوئے.

(جاری ہے)

احتساب بیورو کو عدالت نے ریفرنس دائر کرنے کے لئے آج تک کی مہلت دے رکھی تھی نیب نے عدالت سے ریفرنس دائر کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی جس پر عدالت نے نیب کو احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی.

سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے نون لیگی راہنماءکے ریمانڈ میں 7فروری کو 28 فروری تک توسیع کی گئی تھی اسی دوران احسن اقبال نے ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کرلی جس کے بعد احتساب عدالت نے نیب کو ریفررنس دائر کرنے کے لیے 26مارچ تک کی مہلت دی تھی. خیال رہے کہ 23 دسمبر 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو نارووال کے اسپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بدعنوانیوں سے متعلق کیس میں گرفتار کیا تھا.احسن اقبال 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں وہ وزیر منصوبہ بندی اور بعد ازاں وزیر داخلہ رہے تھے نیب کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس اسکینڈل میں رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کو گرفتار کیا.واضح رہے کہ احسن اقبال پر نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کے لیے وفاقی حکومت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے فنڈز استعمال کرنے کا الزام ہے.