موجودہ مشکل حالات کے پیش نظر کاروباری اداروں سے یوٹیلٹی بلوں کی وصولی چند ماہ کیلئے موخر کی جائے،اسلام آباد چیمبر

جمعرات 26 مارچ 2020 17:37

موجودہ مشکل حالات کے پیش نظر کاروباری اداروں سے یوٹیلٹی بلوں کی وصولی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے موجودہ مشکل حالات کے پیش نظر کاروباری اداروں سے یوٹیلٹی بلوں کی وصولی چند ماہ کیلئے موخر کرنے کا مطالبہ کیاہے، صنعتوں کو بھیجے گئے بجلی کے بلوں کی وصولی موخر کر کے تین اقساط میں ادا کرنے کی مہلت دی جائے۔ جمعرات کویہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ ایک ماہ سے کاروباری سرگرمیوں پرسکوت کا عالم طاری ہے جس وجہ سے کاروباری ادارے متاثر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار تقریبا بند ہو چکی ہے جبکہ جو مال تیار کیا گیا ہے اس کی کھپت بھی رک گئی ہے ۔ ان حالات میں کاروباری اداروں کیلئے اپنے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ مزدوروں کی تنخواہیں بھی اپنی جیب سے دینے پڑ رہے ہیں لہذا کاروباری اداروں کیلئے یوٹیلٹی بلوں کی وصولی موخر کرنے سے ان کو کچھ ریلیف مل جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتی شعبے کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کر دیا ہے تاہم صنعتکاروں اور خاص طور پر سٹیل انڈسٹری کیلئے بھی بیل آئوٹ پیکج کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس جیسی ناگہانی آفت میں تاجر وصنعتکار برادری حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ایسے وقت میں مزدورں کا بوجھ برداشت کر رہی ہے جب وہ کام کرنے سے قاصر ہیں۔