کورونا وائرس کو حکومتی ہدایات کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرکے شکست دے سکتے ہیں،

عوام میل جول سے گریز کریں، صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی کی اے پی پی سے بات چیت

جمعرات 26 مارچ 2020 17:37

کوئٹہ - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کوروناوائرس انتہائی اہم اور حساس نوعیت کا مسئلہ ہے اور اسکا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے تاہم کروناوائرس کو مکمل شکست دینے کیلئے عوام تمام حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں اور حکومتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات میں بھرپور تعاون فراہم کریں کورونا وائرس کو احتیاطی تدابیر اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرکے شکست دے سکتے ہیں۔

عوام ایک دوسرے سے ملنے سے اجتناب کریں، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان ترین اور دیگر بھی موجود تھے‘ صوبائی وزیر انجینئر زمرک اچکزئی نے کہاکہ جو بیماری ہم پر مسلط ہو ئی ہے سب سے پہلے بحیثیت مسلمان ہم اللہ کے حضور توبہ کریں اس کے بعد پانچ وقت نماز کریں اور بار بار ہاتھ دھوئیں بعض لوگ اس بیماری کو مذاق سمجھتے ہیں یہ مذاق نہیں چھپا ہوا دشمن ہے جو ہم پر حملہ آور ہو گیا ہے اس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم نے احتیاط کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس وبا پر قابو پانے کا پائیدار حل اپنے روایتی رویوں اور سوچ میں جدید انسانی ضرورتوں اور معاشرتی تقاضوں کے مطابق تبدیلی لانی سے مشروط ہے، انہوں نے کہا کہ تجارتی اور کاروباری مراکز کی بندش کے باعث تمام محنت کش طبقہ اس وقت کئی مشکلات سے دوچار ہے لہٰذا ان کے درپیش مشکلات کو کم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے ، مخیرحضرات مشکل کی اس گھڑی میں اپنے غریب و مجبور بھائیوں کی بھرپور مددکریں۔