سعید غنی کی صحتیابی اوروائرس سے مسلم امہ کی حفاظت کیلئے قرآن خوانی

کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے اساتذہ حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل کریں،ظہیر احمد

جمعرات 26 مارچ 2020 20:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) ٹیچر زایسوسی ایشن کراچی کے چیئرمین ظہیر احمدکی اپیل پر جمعرات کو صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی صحت یابی اورکورونا وائرس کی وباء سے مسلم امہ کو محفوظ رکھنے کیلئے شہر کے مختلف اضلاع میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔سال 2012ء میں بھرتیوں کے بعد سے اب تک تنخواہوں سے محروم ادر کیڈر اساتذہ کی نمائندہ تنظیم ٹیچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ظہیر احمد ،آفتاب میمن ،حمیرا ،آصف بلوچ ،میر زمان خاصخیلی ،محمد اسحاق ،محمد ارشاد،عبد الحکیم منگریو سمیت کراچی کے مختلف اضلاع کیساتھ سندھ میں بھی سیکڑوں میل و فیمیل اساتذہ نے انفرادی طور پر اپنے گھروں میں قرآن خوانی کیساتھ خصوصی دعائوں کا بھی اہتمام کیا ،اساتذہ اس دوران واٹس ایپ اور دیگرانٹر نیٹ کی ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاںچیئرمین ظہیر احمدکی درخواست پر مدرسہ دارالعلوم مجدیہ نعیمہ کے مفتی محمد عابد جان نعیمی نے رقت انگیز خصوصی دعا کرائی اور واٹس ایپ کے ذریعے اساتذہ اس دعا میں شریک ہوئے ۔ ٹیچر زایسوسی ایشن کراچی کے چیئرمین ظہیر احمدکا کہنا تھا کہ اساتذہ کورونا وائرس کی وباء سے محفوظ رہنے کیلئے سندھ حکومت کی گائیڈ لائن پر مکمل عمل کریں خود کو اور اپنے پیاروں کو اس وباء سے محفوظ رکھیں ۔