لاہور،ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے عہدوں پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی نے افسران کو ڈی آئی جی عہدوں کے بیجز لگائے

جمعرات 26 مارچ 2020 21:42

لاہور،ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے عہدوں پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز ..
لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ پولیس سروس میں محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے اور ہر عہدے پر کام کرتے ہوئے قانون کی یکساں عمل داری،میرٹ کی پاسداری اور شہریوں کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بناناپولیس افسرکا شعار ہونا چاہئیے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ محکمے کی جانب سے تفویض ہونے والی ذمہ داریوں کے دوران ہائی پروفیشنل اسٹینڈرڈ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اورمعاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی خدمت اور سروس ڈلیوری میں مزید بہتری پر بطور خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ سینئر افسران مثالی ٹیم لیڈر کا کردار ادا کریں اور ماتحت افسر ان و اہلکاروں سے بہتر سے بہتر پرفارمنس لے کر پولیس اور عوام کے باہمی روابط کو بہتر سے بہتر بنائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ڈی آئی جی کے عہدوں پر ترقی پانے والے افسران کو بیجز لگانے کے بعد ان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی نے دوافسران کو ڈی آئی جی عہدوں کے بیجز لگائے۔ڈی آئی جی کے عہدوں ترقی پانے والے افسران میں محبوب رشید اور ملک محمد امتیاز شامل ہیں جنہوں نے پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ محکمانہ فرائض کی ادائیگی میں جدید،سمارٹ اورکمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :