محکمہ صحت ہسپتالوں میں ڈیوٹیز پر مامور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کو حفاظتی کٹس اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے بجائے زبانی جمع خرچ سے کام لے رہے ہیں، ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان

جمعرات 26 مارچ 2020 23:39

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2020ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان کے جاری کردہ پریز ریلیز میں کہا ہے کہ محکمہ صحت ہسپتالوں میں ڈیوٹیز پر مامور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کو حفاظتی کٹس اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے بجائے زبانی جمع خرچ سے کام لے رہے ہیں،ہسپتالوں میں تاحال حفاظتی ماسکس،گلوز اور ہینڈ سینیٹائزرز جیسی بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کی گئی ہیں،موجودہ ایمرجنسی صورتحال میں محکمے کی کارکردگی اخباری بیانات،نوٹیفکیشنز اور فوٹو سیشنز سے بڑھ کر کچھ نہیں ہیں،ایک طرف ینگ ڈاکٹرز اپنی مدد آپ اور مخیر حضرات کے تعاون سے ہسپتالوں میں ڈیوٹیز سرانجام دینے والے ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف میں ڈیسپوزیبل آئیٹمز تقسیم کررہے ہیں تو دوسری طرف حکومتی اہلکاران مکمل بے حسی اور نااہلی کا مظاہرہ کئے ہوئے ہیں،موجودہ صورتحال میں جہاں دنیا بھر میں صحت کے شعبے میں ایمرجنسی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے وہاں بدقسمتی سے محکمہ صحت ہیلتھ سسٹم کو ایڈہاک پر چلانے کو ترجیع دے رہی ہے،ترجمان نے واضع کرتے ہوئے کہا کہ ایڈہاک پر کام کرنے کے بجائے رضا کارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کرنے کو ترجیع دیں گے،ترجمان نے کہا کہ قرنطینہ میں ڈیوٹیز دینے والے ڈاکٹرز مکمل طور پر سہولیات فراہم کی جائیں،اور وہاں ڈیوٹیز سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کی سکریننگ کرکے انہیں ریسٹ دیا جائیں اور وزیر اعلی بلوچستان کی جانب سے موجودہ ایمرجنسی صورتحال میں ایگزیکٹیو آرڈرز کے تحت کنٹریکٹ کے ڈاکٹرز کو مستقل کرتے ہوئے ان کی صوبے کے مختلف ہیلتھ یونٹس و قرنطینہ سینٹرز میں تعیناتی کے احکامات جاری کئے جائیں،ترجمان نے مذید کہا کہ موجودہ حالات میں عوامی مشکلات کے پیش نظر اور عوامی مفاد عامہ میں تمام سپیشلٹیز سے منسلک ڈاکٹروں کے نام اور رابطہ نمبر جاری کردہ گئے ہیں تاکہ صوبے کی عوام معمولی نوعیت کی بیماریوں اور کورونا کے بارے میں معلومات و آگاہی کیلئے ہسپتالوں کا رخ کرنے کے بجائے گھر بیٹھے ہمارے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرسکیں،ترجمان نے عوام سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ضلعی انتظامیہ کیساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے گھروں سے نکلنے سے گریز کریں