کورونا وائرس کے تدارک کے لیے تمام سیاسی حلقوں کو باہم متحد ہوکر کام کرنا ہوگا، سید سبطِ حیدر بخاری

تمام مخیر حضرات آگے بڑھیں اور اس مشکل گھڑی میں معاشرے کے متوسط لوگوں کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں، پی پی پی اسلام آباد کے تحت مقامی سطع قیادت کے تعاون سے محنت کش لوگوں کو راشن کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، ضلعی صدر پی پی پی

جمعرات 26 مارچ 2020 23:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سیدِ سبطِ حیدر بخاری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے تدارک کے لیے ملک کے تمام سیاسی حلقوں کو باہم متحد ہو کر اس وبا کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تمام سیاسی حلقوں کو اس عفریت کے خاتمے کے لیے باہمی اتحاد اور باہمی تعاون کو یقینی بنا تے ہوئے اس عفریت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام اس حکومت کی جانب سے جاری حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے خود کو اور اپنے اہلِ خانہ کو اس عفریت سے محفوظ رکھیں اور گھروں میں رہیں اور گھر سے باہر اگر نکلنا ہوتو ماسک اور ہاتھوں کے دستانوں کا استعمال یقینی بناتے ہوئے ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سید سبطِ حیدر بخاری نے کہا کہ مصیبت اور الم کی اس گھڑی میں ملک کے تمام مخیر حضرات کو آگے بڑھتے ہوئے محنت کش اور غریب طبقے کی بھر پور مدد یقینی بنانا ہوگی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر برائے اسلام آباد شکیل عباسی نے اس کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی تمام مقامی قیادت راولپنڈی اور اسلام آباد کے مخیر حضرات کے تعاون سے متوسط گھرانوں میں راشن کی فراہمی کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی اسلام آباد کے زیرِ ایتمام متوسط اور محنت کش لوگوں کی فہرست مرتب کی جا رہی ہے اور راشن کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔