جب تک دنیانافرمانی اور بغاوت کا رویہ ترک کر کے اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع نہیں کرتی نجات نہیں ملے گی،راشد نسیم

جمعرات 26 مارچ 2020 23:47

لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے سارے انسانوں کو ایک قطار میں لاکھڑا کیا ہے۔ترقی یافتہ ہو یا پسماندہ دنیا بھر کے ممالک بے بس اور لاچار ہیں۔زیادہ وسائل والے اور خود کو معاشی طاقتیں سمجھنے والے ممالک بھی اُسی طرح مجبور ہیں جس طرح غربت پسماندگی اور کم وسائل والے ممالک ہیں۔

یہ تمام حالات اس بات کا ثبوت ہیں کہ اصل سپر طاقت اور قادر مطلق اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔جب تک دنیا اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع نہیں کرتی اور اپنا نافرمانی اور بغاوت کا رویہ ترک نہیں کرتی امراض پریشانیوں اور مصائب سے نجات نہیں ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے سٹڈی سرکل سے سکائپ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سٹڈی سرکل میں ناظم ا علیٰ حمزہ محمد صدیقی اور معتمد عام سمیت ملک بھر سے ارکان جمعیت نے سکائپ پر شرکت کی۔

راشد نسیم نے کہا کہ جب تک دنیا اللہ کے نظام کی طرف نہیں آتی اور اللہ کی رضا اور خوشنودی کو اپنامقصد نہیں بناتی مصائب و آلام سے نہیں بچ سکتی۔ایک چھوٹے سے وائر س نے پوری دنیا کو بیماری اور خوف میں مبتلا کررکھا ہے۔کل تک جو لوگ اپنی ترقی و خوشحالی پر نازاں تھے آج مجبوری اور بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ان کی دولت اور ایجادات ان کے کسی کام نہیں آرہیں۔چاند سے آگے مریخ تک کا سفر کرنے والا انسان زمین پر بھی خود کو قائم رکھنے کے قابل نہیں رہا۔اسٹڈی سرکل آج بھی جار ی رہے گا۔