کورونا وائرس کا خاتمہ صرف اور صرف احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنے سے ممکن ہے‘ سید عظمت شاہ

جمعرات 26 مارچ 2020 23:58

کوئٹہ - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) ایس ڈی پی او ہیڈکوارٹر سید عظمت شاہ نے کہا ہے کہ عالمی ہلاکت خیز وباء کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اسکی روک تھام اور خاتمہ صرف اور صرف احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنے سے ممکن ہے‘ جیل میں قید افراد اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کورونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل بھی احتیاطی تدابیر بتارہی ہے جو کہ انسانی خدمت کا اہم ثبوت ہے۔

یہ بات انہوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کی تعاون سے ڈسٹرکٹ سب جیل پشین میں عالمی وباء کورونا سے بچاؤ کیلئے قیدیوں میں سرجیکل ماسک،گلوز اور صابن تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عبداللہ خان مندوخیل ایس ایچ او سٹی تھانہ چوہدری ادریس خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے کوارڈینٹر نصیب اللہ آغا کے کے ایف کے میڈیا کوارڈینٹر طارق خان ترین اور پاکستان تحریک انصاف کے امان اللہ ترین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جیل میں قیدیوں اور عملے سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ڈی پی او ہیڈکوارٹر سید عظمت شاہ اور نصیب اللہ آغا نے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں پر سب کو عمل کرنا ہوگا وہ قیدی جو صحت کے اصولوں سے واقف ہیں وہ بھی آگہی مہم چلانے میں ڈاکٹر کی مدد کریں قیدی بیرکس میں جا نے سے قبل طبی معائنہ کروائے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں یومیہ اجرت پر کام کرنیوالوں مزدوروں غریبوں اور مساکین کی مدد کریں۔ دریں اثناء خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے کوارڈینٹر نصیب اللہ آغا اور انکی ٹیم نے سٹی تھانہ پشین سمیت لیویز ہیڈکوارٹر کے اسٹاف اور عملے میں بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سرجیکل ماسک،گلوز اور صابن تقسیم کئے گئے۔