بیلجیم کے سائنسدانوں نے 15منٹ میں کورونا کا درست ٹیسٹ کرنے والی کٹ تیار کرلی

کٹس کی مدد سے ایک ہی دن میں سینکڑوں افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، کٹ مارکیٹ میں آنے کیلئے تیار ہے: سائنسدانوں کا اعلان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 26 مارچ 2020 23:11

بیلجیم کے سائنسدانوں نے 15منٹ میں کورونا کا درست ٹیسٹ کرنے والی کٹ تیار ..
برسلز (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-26مارچ2020ء) بیلجیم کے سائنسدانوں نے 15منٹ میں کورونا وائرس کا درست ٹیسٹ کرنے والی کٹ تیار کرلی ہے۔ یہ کٹ صرف 15منٹ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کٹ بنانے والے سائندانوں کو کہنا ہے کہ کٹس کی مدد سے ایک ہی دن میں سینکڑوں افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، کٹ مارکیٹ میں آنے کیلئے تیار ہے۔ اس کٹ کو کوئرس بائیو کنسیپٹ نامی کمپنی نے برسلز یونیورسٹی اینڈ ہاپیٹل کے ساتھ اشتراک سے تیار کیا ہے جس کی مدد سے 250سے زائد مریضوں کے ٹیسٹ بھی کیے گئے جو کہ کامیاب رہے۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی سستی کورونا ٹیسٹ کٹ تیار کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تیار کردہ کورونا ٹیسٹ کٹ دو ہفتوں میں دستیاب ہو گی اور اس کی مدد سے ایک گھنٹے میں نتائج سامنے آجائیں گے۔

(جاری ہے)

حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کورونا کی ٹیسٹ کٹس مارکیٹ میں سستی قیمت پر دستیاب ہو گی۔یہ خود انحصاری کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ پاکستانی کٹ سے ایک گھنٹے میں ٹیسٹ کے نتائج معلوم ہوسکیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر کے ماہرین کی جانب سے کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ابھی تک اس میں کسی قسم کی کوئی کامیابی سامنے نہیں آئی۔ اسی دوران پاکستانی سائنسدان نے کورونا وائرس کی ویکسین کا ماڈل تیار کیا ہے۔جامعہ پنجاب کے طالب علم حافظ مزمل نے کورونا وائرس کے چار اہم پروٹین تحقیق کی ہے جس کے بعد اس کا تحقیقی مقالہ بین الاقوامی جریدے میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے حافظ مزمل نے اپنے بارے میں بتایا ہے کہ وہ پی ایچ ڈی کا طالب علم ہے جبکہ پنجاب یونیورسٹی میں اسسٹنٹ رجسٹرار بھرتی ہوا ہے۔ مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ہے کہ وہ بطور فرانزک سائنسدان بھی اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ان کا بتانا تھا کہ کم وقت میں کسی بھی بیماری کی ویکسین تیار کرنے کے لئے کمپیوٹیشنل ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے۔ حافظ مزمل نے بتایا ہے کہ اس نے بھی یہی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ویکسین کا ماڈل تیار کیا ہے جس کی مدد سے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کی جا سکتی ہے۔