ٹرانسپورٹ کی بندش سے سبزیوں اور پھلوں کی منڈیوں تک رسائی مشکل، قلت کا خدشہ ہے، صدر کسان بورڈ فیصل آباد

جمعہ 27 مارچ 2020 17:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2020ء) صدر کسان بورڈ فیصل آباد علی احمد گورایہ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی بندش سے غذائی اشیاء کی منڈیوں تک رسائی مشکل ہوتی جارہی ہے اسے جلد نہ کھولا گیا تو اشیائے خوراک کی قلت کا خطرہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی بندش سے سبزیوں ،پھلوں اورجانوروں کے سبزچارہ جات کی قلت کا خدشہ ہوسکتا ہے، عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی ،احتیاطی ،تدارکی تدابیر کے طور پر حکومت کا لاک ڈاؤن کا فیصلہ درست اقدام ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بھی بند کر دی گئی ہے جس کے باعث کاشتکاروں و کسانوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کسان ہائی ایس ویگنوں ،ہائی لیکس ڈالوں اور مزدا ٹرکوں سمیت چنگ چی رکشوں پر اپنی سبزیاں ،پھل ،غذائی اجناس و چارہ فروخت کیلئے شہر کی مارکیٹوں میں لاتے ہیں لہذا ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کی بندش سے سبزی و فروٹ منڈیوں اور بازاروں میں ان کی قلت ہوجائے گی اور اس سے ایک نیا بحران جنم لے سکتا ہے ۔انہوں نے غذائی اجناس کی ٹرانسپورٹیشن کیلئے ٹرانسپورٹ فوری چلانے اور خراب معاشی صورت حال کے باعث فوری زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :