کاشکار یکم اپریل سے کپا س کی کاشت شروع کردیں۔ڈاکٹر زاہد محمود

جمعہ 27 مارچ 2020 17:31

ملتان ۔27 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2020ء) کاشتکار یکم اپریل سے کپاس کی کاشت کا عمل شروع کردیں اور صرف منظورشدہ کپاس کی اقسام ہی کاشت کریں۔یہ بات سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود نے کپاس کے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار کپاس کی اچھی پیداوار کے لئے میرا، زرخیززمین جو پانی زیادہ جذب کرے اور دیر تک وتر برقرار رکھے موزوں ہے۔

کلراٹھی، سیم زدہ، ریتلی اور چکنی زمین کپاس کی کاشت کے لئے موزوں نہیں البتہ بہتر حکمت عملی سے زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی زمینوں میں پٹڑیوں پر کپاس کاشت کی جاسکتی ہے۔کاشتکار زمین کی سطح کو ایک جیسا برابرکرنے کے لیے لیزر لینڈ لیولر کا استعمال کریں۔

(جاری ہے)

سطح اگرہموار ہو تو پانی کے بہاو میں آسانی رہتی ہے اور کھیت میں موجود تمام پودوں کو یکساں پانی میسر آتا ہے۔

اس طرح پانی کی بھی 25 سے 30 فیصد تک بچت ہو جاتی ہے اور پیداور میں بھی15سی20 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔ڈاکٹر زاہد محمودنے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر کے پیش نظر کاشتکار سی سی آر آئی دفتر میں نہ آئیں بلکہ ٹیلی فون کالز کے ذریعے اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے انہیں معلومات و رہنمائی فراہم کی جاتی رہے گی۔