پاکستان امریکا کی کورونا امداد کے حقدار ممالک کی ترجیحی لسٹ میں شامل

امریکا نے کورونا سے متاثرہ بین الاقوامی کمیونٹی کیلئے274 ملین ڈالر کا فنڈ قائم کیا ہے، کورونا ریلیف امداد والے ممالک میں پاکستان کو بھی شامل لیا گیا ہے۔ سینئر امریکن حکام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 مارچ 2020 19:11

پاکستان امریکا کی کورونا امداد کے حقدار ممالک کی ترجیحی لسٹ میں شامل
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2020ء) امریکا نے پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے والے امداد کے حقدار ممالک کی ترجیحی لسٹ میں شامل کرلیا ہے، امریکا نے کورونا سے متاثرہ بین الاقوامی کمیونٹی کیلئے 274 ملین ڈالر کا فنڈ قائم کیا ہے، کورونا ریلیف فنڈ لینے والے ممالک میں پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ سینئر امریکن حکام کا کہنا ہے کہ امریکا نے عالمی وباء کورونا وائرس کے انتہائی مہلک اثرات سے متاثر ہونے والی بین الاقوامی کمیونٹی کیلئے 274 ملین ڈالر کا فنڈ قائم کردیا ہے، قائم کردہ فنڈ میں جن ممالک کو امداد دی جائے گی ان میں پاکستان کو بھی حق دار قرار دیا گیا ہے۔

امداد دینے کیلئے امریکا کی ترجیحی لسٹ کے ممالک میں افغانستان، بنگلا دیش، انڈونیشیاء ، قازکستان، ازبکستان، تھائی لینڈ ، برماشامل ہیں، ان ترجیحی لسٹ والے ممالک میں پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح امریکا نے پاکستان کو کورونا ریلیف کیلئے1ملین ڈالر نئے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

کورونا کیخلاف ہنگامی امداد کیلئے پاکستان کو ترجیحی ملک میں رکھا ہے۔ کورونا وائرس پاکستان میں پاکستانی شہریوں سمیت امریکی شہریوں کو بھی متاثر کررہا ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا لیب اور کورونا وائرس کی نشاندہی کیلئے1ملین ڈالرکے نئے فنڈز فراہم کرے گا۔ خیبرپختونخوا میں صحت حکام کو 13 جدید ایمبولینسیں بھی فراہم کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت کو جیکب آباد انسٹیٹیوٹ میڈیکل سائنسز کے قیام کیلئے 18ملین ڈالرفراہم کیے گئے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان عالمی سطح پر صحت سے متعلق چیلنجزسے نمٹنے کیلئے دیرینہ شراکت دار ہیں۔