سراج الحق کا لنڈی کوتل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے اہلخانہ کو فون

ا س وقت پوری انسانیت امتحان سے دوچار ہے ، واحد حل رجوع الی اللہ ہے،امیرجماعت

ہفتہ 28 مارچ 2020 22:01

سراج الحق کا لنڈی کوتل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے اہلخانہ ..
پشارو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2020ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے ضلع خیبرلنڈی کوتل میںکورونا وائرس کے شکار محمدفاروق آفریدی ،ان کے بھائی اور والدہ کی خیریت دریافت کرنے کے لیے متاثرہ خاندان کو فون کیا اور ان کی بیمار پرسی کی ۔ محمد فاروق آفریدی کی والدہ عمرہ سے واپسی پر کورونا وائرس کا شکار ہوئی جس سے وہ ہسپتال جب کہ محمد فاروق آفریدی اور ان کے بھائی قرنطینہ میںہے ۔

محمد فاروق کی والدہ کی عمر ستر سال سے زائد ہے اور وہ تیزی سے روبصحت ہے جبکہ باقی خاندان کے حوصلے بھی بلندہے کامیابی سے ان خاندان کا علاج جاری ہے ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے محمد فاروق آفریدی اور ان کے خاندان نے جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کابھرپور تعاون ، حوصلہ افزئی اور خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انفرادی وقت گزاری میںان کو کوئی دقت محسوس نہیں ہورہی ہے اور ان کو عبادات اور اللہ تعالی کے رضا کے حصول کا موقع میسر آیاہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ا س وقت پوری انسانیت امتحان سے دوچار ہے ، واحد حل رجوع الی اللہ ہے ۔خوف ، دہشت اور مایوسی نہیں احتیاط اور امید کی ضرورت ہے ۔بچو اور بچائو دینی فریضہ بھی ہے اور قومی ذمہ داری بھی ، اس کو اللہ تعالیٰ سے توبہ کرتے ہوئے پورا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ وقت رجوع الی اللہ کا ہے ، ہم سب اپنے مالک حقیقی کی طرف رجوع کریں ۔

بیماریاں اللہ کے حکم سے آتی ہیں اور اسی کے حکم سے ختم ہوتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی قوم کو کوروناوبا سے بچانے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ جماعت اسلامی کے کارکنان ہسپتال ، فری ڈسپنسریاں ، ایمبولینسز قوم کی خدمت میں مصروف ہیں ۔ اس وبائی مرض کا پوری قوم کو مل کر مقابلہ کرناہوگا ۔ کوروناسے خوف زدہ ہونے کے بجائے اس کو شکست دینے کی تدابیر اختیار کرنے اور عوام کو پرہیز علاج سے بہتر ہے کے اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر سراج الحق نے جماعت اسلامی کے کارکنان کو متاثرہ خاندان کی تمام ضروریات پورا کرنے ہدایت کی ۔