وفاق کے بعد صوبائی ریلیف پیکج بھی ناکافی ،عوام کرونا کے ساتھ حکومتی ستم ظریفی کا بھی شکار ہیں‘ جاوید قصوری

حکومت محض اعلانات اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی بجائے عملی اقدامات کرے‘ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

اتوار 29 مارچ 2020 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے بروقت لوگوں کی خدمت کا فریضہ سر انجام دیا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیںاور ان کی ہر ممکن امداد کررہے ہیں۔ کرونا کی روک تھام کے حوالے سے جو اقدام حکومت نے اٹھائے ہیں ، ان میں رٹ کی کمی دکھائی دے رہی ہے۔

وفاق کے بعد صوبائی ریلیف پیکج بھی ناکافی ،عوام کرونا کے ساتھ حکومتی ستم ظریفی کا بھی شکار ہیں۔صوبے کی 11کروڑ آبادی میں سے صرف 25لاکھ گھرانوں کو 4ہزار روپے ماہانہ امداد اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز منصورہ میں کرونا آگاہی مہم کے حوالے سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ ، نصراللہ گورائیہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوڈ سپلائی چین پر خصوصی نظر رکھے اگر یہ متاثر ہوئی تو انارکی پھیلے گی۔ وفاقی حکومت نے غریب عوام کے لیے جو امدادی پیکیج تین ہزار روپے دینے کی منظوری دی ہے وہ بہت کم ہے۔ کم ازکم پندرہ ہزار روپے رکھے جائیں۔ حکومت نے جہاں کہیں بھی قرنطینہ سینٹرز بنائے ہیں اطلاعات آرہی ہیں کہ ان کی حالت بھی انتہائی نا گفتہ بہ ہے۔

صفائی سے لے کر کھانے پینے اور لوگوںکے ٹریٹمنٹ تک کسی قسم کی بہتری کی خبر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد اس وقت 1500سے تجاوز کرچکی ہے۔ جبکہ مشتبہ افراد 12000 ہیں۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 557مریض سامنے آچکے ہیں۔ اور آئے روزن ان کی تعداد میں درجنوں کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت اور دیگر انتظامیہ کی تمام تر کاوشوں کے باجودہ کرونا وائر س پر قابو نہیں پایا جاسکا۔

محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت اعلانات کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی بجائے عملی اقدامات کرے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے کارکنان انتظامیہ کے ساتھ مل کرعوام کو کرونا سے متعلق آگاہی فراہم اور لوگوں کو بچانے کے لیے اقدامات کریں۔ گلی ، محلوں اور مساجد کے اندر سپرے کروائے جائیں۔ کچھ مفاد پرست کرونا بحران سے فائدہ اٹھا کر منافع کمارہے ہیں۔ حکومت ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرے۔