غیر ملکی پروازوں کی بحالی کی درخواست، این ڈی ایم اے نے اپنا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا

این ڈی ایم اے کا غیر ملکی پروازوں کی بحالی کیلئے خط، سندھ حکومت نے مخالفت کر دی

اتوار 29 مارچ 2020 16:40

اسلا م آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2020ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے بین الاقوامی پروازیں 5 اپریل سے بحال کرنے کے لیے جاری کردہ خط نوٹیفکیشن کے ذریعے منسوخ کر دیا۔ذرائع کے مطابق این ڈی ایم اے نے خط میں اعلیٰ حکام سے درخواست کی تھی کہ 5 اپریل سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان کیلئے غیر ملکی پروازیں بحال کی جائیں۔

خط میں کہا گیا تھا کہ 5 اپریل سے دنیا بھر کیلئے پروازوں کو بحال کر دیا جائے، ائیرپورٹس پر آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی اور مشتبہ مسافروں کو ہوٹلوں میں قائم قرنطینہ میں منتقل کر دیا جائے گا۔وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں فلائٹ آپریشن بحال کرنا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی بندش پہلے ہی تاخیر سے کی گئی ہے۔وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ پہلے ہی صوبائی حکومتیں کورونا وائرس کے خلاف مشکل جنگ لڑ رہی ہیں، ایسے میں فلائٹ آپریشن کی بحالی سے قبل صوبائی حکومتوں سے مشاورت کی جانی چاہیے، ان حالات میں ہم کسی نقصان اور رسک کے متحمل نہیں ہو سکتے۔اب این ڈی ایم اے نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلیٰ حکام کو لکھا گیا اپنا خط منسوخ کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4 اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کر دیا تھا۔غیر ملکی فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث بیرون ممالک میں پاکستان آنے والے مسافر بھی ائیرپورٹس پر پھنس گئے تھے جس کے لیے انہوں نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ کوئی موثر قدم اٹھائے۔ حکومت نے سندھ میں 23 مارچ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور سکھر ہوائی اڈے پر اندرونی پروازیں بھی معطل کردی تھیں تاہم اب ملک بھر میں اندرونی پروازیں بھی معطل ہیں۔