پاکستان کی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اورجازان پرمیزائل حملے کی شدید مذمت ‘ سلطنت کی سلامتی اور جغرافیائی سالمیت پر کسی بھی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کی مکمل مدد کے عزم کا اعادہ

اتوار 29 مارچ 2020 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2020ء) پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اورجازان پرمیزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے اور سلطنت کی سلامتی اور جغرافیائی سالمیت پر کسی بھی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کی مکمل مدد کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سلطنت سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور جازان پر میزائل حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدام خاص طورپر اس لئے بھی انتہائی قابل مذمت ہے کہ اس حملے میں براہ راست عام آبادی کونشانہ بنایا گیا جو پہلے ہی کورونا کی وباء سے برسرپیکار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم سعودی دفاعی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بروقت اس حملے کو روکا اور قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا نقصان ہونے سے بچایا۔ پاکستان سلطنت سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے سلطنت کی سلامتی اور جغرافیائی سالمیت پر کسی بھی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کی مکمل مدد کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔