لنکاشائر کے چیئرمین کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک

لنکا شائر کا اپنے چیئرمین کے انتقال کا اعلان ، گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

منگل 31 مارچ 2020 22:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2020ء) انگلینڈ کے مشہور کرکٹ کلب لنکاشائر کے چیئرمین ڈیوڈ ہوج کس وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے۔71سالہ ہوج کس گزشتہ 22سال سے لنکا شائر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن تھے اور انہیں کافی عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔ماضی میں خزانچی اور اور نائب چیئرمین کی خدمات انجام دینے والے ڈیوڈ ہوج کس نے اپریل 2017 میں لنکا شائر کے چیئرمین کا منصب سنبھالا تھا اور گزشتہ دہائی کے دوران اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش انہی کی مرہون منت ہوئی۔

ان کے اہلخانہ نے ڈیوڈ ہوج کس کی کورونا وائرس کے سبب ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔نئے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں موجود تمام تر جدید سہولیات کی وجہ سے ہی اس نے گزشتہ سال ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے ساتھ ساتھ پہلے سیمی فائنل کی میزبانی کا بھی اعزاز حاصل کیا تھا۔

(جاری ہے)

لنکا شائر نے اپنے چیئرمین کے انتقال کا اعلان کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

کلب نے اپنے بیان میں کہا کہ صرف لنکاشائر ہی نہیں بلکہ پوری دنیائے کرکٹ میں ڈیوڈ ہوج کس کو پسند اور ان کا بے پناہ احترام کیا جاتا تھا۔لنکاشائر کے چیف ایگزیکٹو ڈینیئل گڈنی اور سابق کھلاڑیوں لیوک سٹن اور میٹ پارکنسن نے بھی چیئرمین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔لنکا شائر کے چیئرمین کورونا وائرس کے سبب جان کی بازی ہارنے والی کھیلوں کی دنیا کی پہلی شخصیت نہیں بلکہ مشہور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے سابق صدر لورینزو سانز کورونا وائرس کے سبب 76سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے اس کے علاوہ کھیلوں کی دنیا کی متعدد مشہور شخصیات بھی کورونا وائرس کا ہوئیں جبکہ دنیا بھر کی کھیلوں کی سرگرمیاں اس سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔