پاکستان اور عالمی بینک کے مابین 200 ملین ڈالر کا معاہدہ طے پاگیا

ورلڈ بینک کی مدد سے پاکستان میں کوویڈ19 کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی، فنڈ نگ سے وائرس کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لئے اہم ضروریات کو پورا کیاجائے گا، حماد اظہر

جمعہ 3 اپریل 2020 20:29

پاکستان اور عالمی بینک کے مابین 200 ملین ڈالر کا معاہدہ طے پاگیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) پاکستان اور عالمی بینک کے مابین کورونا وائرس فنانسگ ریلیف منصوبے کے لیے 200 ملین امریکی ڈالر کا معاہدہ طے پاگیا۔جمعہ کو معاہدے کی توسیع اور دستخط کی تقریب کا اہتمام اقتصادی امور ڈویژن میں کیا گیا، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر نے تقریب میں شرکت کی۔وفاقی وزیر حماد اظہر نے ورلڈ بینک کی جانب سے فنانسگ ریلیف فراہمی پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پروجیکٹ کا بنیادی مرکز صحت کے شعبے پر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی مدد سے پاکستان میں کوویڈ19 کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی، فنڈ نگ سے وائرس کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے لئے اہم ضروریات کو پورا کیاجائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے میں وبائی مرض کے دوران معاشی تحفظ اور تعلیمی فروغ کیلئے پروگرام بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح غریبوں، کم اجرت والے طبقے کو کورونا کے اثرات سے بچانا ہے، منصوبے کا دائرہ ملک بھر میں ہوگا ، جس میں ملک کے تمام صوبوں، علاقوں کو شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ منصوبے کے تحت 4 ملین خاندانوں کو ہنگامی بنیادوں پر نقد رقم اور خوراک پہنچائی جائیگی۔اس کے علاوہ آن لائن تدریسی وہنر کلاسز کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کو وبائی مرض کے منفی اثرات سے بچایا جائیگا ۔پاکستان میں عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹرالانگوپیچوموتونے اس موقع پرکہاکہ عالمی بنک کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوںمیں پاکستان کے ساتھ اپنی معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا۔

نہوں نے کہاکہ عالمی بنک پاکستان سمیت کئی ممالک میں کرونا وائرس کی عالمگیروباء کے اثرات سے نمٹنے کیلئے معاونت فراہم کررہاہے، عالمی بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کل پاکستان میں وباء سے نمٹنے کی کوششوں کوتقویت دینے کیلئے مزید200 ملین ڈالرگرانٹ کی منظوری دیدی ہے، گزشتہ ہفتہ بنک نے پاکستان کیلئے 40 ملین ڈالرکی گرانٹ کی منظوری دی تھی، اس فنڈزسے پاکستان کی وفاقی اورصوبائی حکومتیں وباء سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوںپرطبی اشیاء، وینٹی لیٹرز اوردیگرآلات کی خریداری عمل میں لارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عالمی بنک پاکستان میں معاشرے کمزورطبقات کولاک ڈاون کے تناظرمیں ضروری اشیاء کی فراہمی اوروباء کے دنوں میں فاصلاتی تدریس کوبہتربنانے میں بھی مدد فراہم کررہاہے۔عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹرنے مزید کہاکہ بنک پاکستان کے ساتھ معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا،انہوں نے پاکستان کے شہریوں کیلئے نیک تمناوں کااظہارکرتے ہوئے انہیں وباء کے دنوں میں تمام ترحفاظتی وتدارکی اقدامات پرعمل پیراہونے کی ہدایت کی ہے۔