پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1ہزار سے تجاوز کرگئی

صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1ہزار69ہے، 1کی حالت تشویشناک ہے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 4 اپریل 2020 00:32

پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1ہزار سے تجاوز کرگئی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل 2020ء) پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1ہزار69ہے جبکہ 1مریض کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ 563 مریض قرنطینہ سینٹرز میں ہیں جبکہ 506 مریض قرنطینہ میں نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ اب تک 6مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھر جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں کورونا کے ٹیسٹ کی صلاحیت کو بڑھا رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے لیبز کو بی ایس ایل3 لیول پر اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور میں سب سے زیادہ کورنا کیسز ہیں جن کی تعداد 210 ہے جبکہ ننکانہ صاحب میں 13، قصور میں 1، شیخوپورہ میں 1، راولپنڈی میں 55، جہلم میں 29، اٹک میں 1، گوجرانولا میں 15، سیالکوٹ میں 2، نارووال میں 2، گجرات میں 95، حافظ آباد میں 5، منڈی بہاولدین میں 14، ملتان میں 2، بہاولنگر میں 3، بہاولپور میں 2، لودھراں میں 2، لیہ میں 2 اور ڈیرہ غازی خان میں 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر جنرل ہسپتال کی سینٹر ل ریسر چ لیب میں قائم کی جانے والی بی ایس ایل لیول 3 نے کام شروع کر دیا جہاں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن کے مطابق کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے پی سی آرٹیسٹ بھی شروع کر دیے گئے ہیں ۔24گھنٹوں میںتقریبا ً300مریضوں کے ٹیسٹ پرفارم کئے جائیں گے اور جلد ہی ان ٹیسٹوں کی تعداد بڑھا کر 500 کر دی جائے گی ۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال میں بی ایس ایل لیول 3 کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر ریسرچ لیب پی ایچ ڈی ہولڈر ڈاکٹر غزالہ روبی کے دستخط سے جاری ہونے والی ٹیسٹ کی رپورٹ ہی مصدقہ تسلیم کی جائے گی ۔