پانی کی کمی کا شکار ہونے والی اس خاتون کو پانی سے شدید نفرت ہے

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 4 اپریل 2020 23:52

پانی کی کمی کا شکار ہونے والی اس خاتون کو پانی سے شدید نفرت ہے
خود کو پانی سے متفر کہنے والی نیویارک کی ایک خاتون کا دعویٰ ہے کہ انہیں سادہ پانی پینے سے نفرت ہے۔پانی سے نفرت کے باعث انہیں کئی بار ہسپتال کے ایمرجنسی روم کا منہ بھی دیکھنا پڑا ہے کیونکہ کئی بار پانی کی کمی کا شکار ہونے کے باوجود وہ  پانی کو اپنے منہ میں نہیں ڈالتیں۔
لوری چیک کو پانی سے متنفر خاتون کے طور پر جانا جاتا ہے۔ وہ نہ صرف پانی سے نفرت کرتی ہیں بلکہ انہیں گلے سے پانی اترنے کا احساس بھی تکلیف دیتا ہے۔

وہ پانی نہ پینے کے خطرات کو اچھی طرح جانتی ہیں۔وہ کئی بار پانی کی کمی کا شکار ہو کر ہسپتال جا چکی ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں ایک گھونٹ پانی پینا بھی پسند نہیں ہے۔پانی کی بجائے وہ ہائیڈریشن ٹیبلٹس، کرسٹل لائٹ اور دوسرا ذائقے دار پانی استعمال کرتی ہیں لیکن سادہ پانی کو ہاتھ بھی نہیں لگاتیں۔

(جاری ہے)

اُن کا کہنا ہے کہ اگر  اُن کے پاس ان میں سے کچھ نہ ہوتو وہ پیاسا رہنا پسند کرتی ہیں۔

وہ کئی بار جم میں ورزش کرتے ہوئے پانی کی کمی کی وجہ سے بے ہوش ہو چکی ہیں۔لوری کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ خطرات سے آگاہ ہیں لیکن وہ اپنی عادات نہیں بدلیں گی۔
لوری نے بتایا کہ پانی نہ پینے پر لوگ اُن پر چیختے ہیں لیکن وہ اُن سے متفق ہو کر انہیں چپ کرا دیتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں فٹ رہنے کا جنون ہے، وہ ہر روز ورزش کرتی ہیں۔ لوری الکوحل بھی پی لیتی ہیں اور پانی ملے دوسرے مشروبات بھی پیتی ہیں لیکن اُن سے پانی نہیں پیا جاتا۔

متعلقہ عنوان :