متحدہ عرب امارت میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا

گزشتہ 24 گھنٹے میں294 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جبکہ گزشتہ روز تصدیق شدہ نئے کیسز کی تعداد241 تھی، جس میں ایک روز بعد ہی 53 کیسز کا اضافہ ہوا، مجموعی کیسز کی تعداد1798 ہوگئی ہے، وزارت صحت یو اےای کے اعداد وشمار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 5 اپریل 2020 23:09

متحدہ عرب امارت میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل 2020ء) متحدہ عرب امارت میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، گزشتہ 24 گھنٹے میں 294 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جبکہ گزشتہ روز رپورٹ کیسز کی تعداد241 تھی، جس میں ایک روز بعد 53 کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔ وزارت صحت متحدہ عرب امارات کے آج اتوار کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق یواے ای میں کورونا وائرس سے متاثرہ مصدقہ کیسز میں مزید 294 نئے کیسز کا اضافہ ہوگیا ہے۔

جس سے متحدہ عرب امارات میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 1798 ہوگئی ہے۔ اسی طرح مزید 5 افراد مکمل صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔ جس سے صحت یاب افراد کی تعداد 144ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نئے رپورٹ ہونے والے مریض مختلف ممالک کے شہری ہیں۔ دوسری جانب کورونا سے خوفزدہ متحدہ عرب امارات میں مقیم 20 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے بھی وطن واپسی کی تیاری کرلی ہے، دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل نے بھی وطن واپس جانے والوں کو باقاعدہ رجسٹرڈ کرلیا ہے، سینکڑوں لوگوں نے دبئی قونصل خانے میں جمع ہوکر مطالبہ کیا کہ ان کی وطن واپسی کی جلد فلائٹ بُک کروائی جائے۔

(جاری ہے)

دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل نے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کیلئے رضامندی جاننے کیلئے ایک 3 اپریل کو مہم لانچ کی تھی، تاکہ ایسے لوگوں رجسٹرڈ کیا جاسکے جو واپس جانا چاہتے ہیں۔ مزید برآں یواے ای کے مرکزی بینک نے کورونا وائرس کے تناظر میں خلیجی ریاستوں کے معاشی بحران کو سہرا دینے کیلئے مجموعی طور پر 70 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کردیا۔ نومنتخب گورنر عبدالحمید سعید نے کہا کہ اعلان کردہ اضافی اقدامات سے مالی اداروں پر دباؤ کو مؤثر طریقے سے دور کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار اور گھریلو سطح پر مالی امداد تک پہنچنے کے لیے مطلوبہ ریلیف اور مستقل رسائی مؤثر رہے گی۔