ڈنگی ہسپتال میں جدید مشینری کے علاوہ نیا سامان لگا کر اسے فعال کر دیا گیا ہے، ڈی ایچ او ہری پور

پیر 6 اپریل 2020 13:21

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) ڈنگی ہسپتال ہری پور میں جدید مشینری کے علاوہ نیا سامان لگا کر اسے فعال کر دیا گیا ہے جو گذشتہ 12 سال سے بند پڑی تھی۔ ڈنگی ہسپتال کو کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے مختص کر دیا گیا ہے جہاں پر 6 عدد جدید وینٹی لیٹر کے علاوہ نئے بیڈ اور دیگر سامان لگا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہری پور ڈاکٹر سیف الله خان خالد نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم او ڈاکٹر عارف سلطان، ڈاکٹر عبدالغیور و دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیف الله خان خالد نے بتایا کہ اس وقت ڈنگی ہسپتال میں ڈاکٹر روشن زادہ انچارچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ وینٹی لیٹرز کو آپریٹ کرنے کیلئے ایم او ڈاکٹر عارف سلطان کے علاوہ ڈاکٹر عمران تاج اور سٹاف میں نمرا بی بی اور فاخر حسین کو ایبٹ آباد ایوب میڈیکل ہسپتال سے خصوصی تربیت دلوائی گئی ہے جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے ہر طرح کی ادویات اور دیگر سامان وافر مقدار میں ہسپتال کے اندر موجود ہے، ضلع ہری پور کا یہ واحد ہسپتال ہے جسے اسلام آباد کے معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :