کراچی سائٹ ایریا میں گارمنٹ فیکٹری نے ملازمین کو نوکری سے نکال دیا

زیادہ تر ملازمین کئی سالوں سے کام کر رہے تھے، ہمیں اچانک نوکری سے نکال دیا ہے، ہم کہاں جائیں، ملازمین

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 7 اپریل 2020 15:03

کراچی سائٹ ایریا میں گارمنٹ فیکٹری نے ملازمین کو نوکری سے نکال دیا
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-07 اپریل2020ء) کراچی سائٹ ایریا میں گارمنٹ فیکٹری نے ملازمین کو نوکری سے نکال دیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بہت زیادہ لوگوں کے کاروبار متاثر ہو گئے ہیں۔ لاک ڈاؤن سے قبل خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ان لوگوں کا کیا ہو گا جو روزانہ اجرت پر کام کرتے ہیں یا کسی فیکٹری میں کام کرتے ہیں، ان کا روزگار ختم ہو جائے گا۔

اسی دوران کراچی کے علاقہ سائٹ ایریا میں موجود ایک گارمنٹ کی فیکٹری نے اپنے ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے جس کے بعد ملازمین نے کورونا کا خوف بھلا کر فیکٹری کے باہر احتجاج شروع کر دیا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ہم میں سے اکثر لوگ یہاں سالوں سے کام کر رہے تھے، ہمیں اچانک نوکری سے نکال دیا گیا ہے وہ بھی ان مشکل حالات میں ، ہمیں آج کل کوئی ملازمت بھی نہیں دے گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ احتجاج کرنے والے افراد میں خواتین بھی شامل ہیں ۔فیکٹری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے فیکٹری میں کام نہ ہونے کے برابر ہے، ہم سب ملازمین کی تنخواہیں نہیں دےسکتے،ا س لئے ہم ملازمین کو نوکری سے نکالنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب ملازمین کی جانب سے فیکٹری کے باہر احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں پہلے ہی بہت زیادہ مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا تھا، نوکری جانے کے بعد ہمارے گھروں میں فاقے پڑ جائیں گے کیونکہ آج کل ہمیں کوئی نوکری بھی نہیں دے گا۔

اب تک پاکستان میں متاثر ہ افراد کی تعداد 4ہزار کے قریب ہو گئی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہو نے والے افراد کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔ حکومت نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کر دیا ہے اور لوگوں سے گزارش کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں کیونکہ یہی ایک واحد راستہ ہے جس کی مدد سے کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔