سندھ حکومت کا آج سے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کرنے کا فیصلہ

شب برأت کے حوالے سے لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کے لئے علاقائی پولیس متحرک کر دی گئی

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 8 اپریل 2020 12:46

سندھ حکومت کا آج سے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کرنے کا فیصلہ
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-08اپریل2020ء) سندھ حکومت نے آج لاک ڈاؤن میں مزید سختی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ شب برأت کے حوالے سے لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کے لئے کیا گیا ہے جس کے بعد ہر علاقے کی پولیس کو تعینا ت کر دیا گیا ہے تا کہ لوگوں کو ان کے علاقوں تک محدود رکھا جائے۔اس حوالے سے مختلف علاقوں میں پولیس کی نفری کو بڑھا دیا گیا ہے جس کے بعد چیکنگ کےنظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر میں گشت بڑھا دیا گیا ہے ، سندھ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھروں میں رہ کر عبادت کریں قبرستانوں کارخ نہ کریں ، جوشہری قبرستان کی طرف آئے گا، اسے جانے نہیں دیا جائے گا۔ا س بارے میں احکاما ت جاری کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام لوگ اپنے گھروں میں رہیں اور عبادت کریں، حکومتی اقدامات ان کی اپنی حفاظت کے لئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کراچی میں پولیس نے شب برات پردفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایکشن کا فیصلہ کیا ہے اور شب برات پرعوام کوگھروں میں روکنے کا پلان تیار کرتے ہوئے کہا کسی کوقبرستان آنےکی اجازت نہیں، اس حوالے سے پولیس نے تمام یونٹس کوآگاہ کردیا ہے۔سندھ حکومت نے ملک بھر میں سب سے پہلے لاک ڈاؤن کیا تھا جس کے بعد ابھی تک لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس کے مزید اثرات سامنے آئیں گے اور کورونا وائرس سے لڑنے میںمدد ملے گی۔

ابھی تک پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس سے جاں بحق ہونے والے افرا د کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد حکومت کی جانب سے عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اورایک دوسرے سے ملنے سے گریز کریں۔