انسانیت کی خدمت میں پیش پیش Careem کا ایک اور شاندارفلاحی اقدام

کریم نے فلاحی تنظیموں ’رزق‘ اور ’کراچی ریلیف ٹرسٹ‘ کے تعاون اور اشتراک سے ہزاروں نادارافراد کے گھروں پر راشن پہنچا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 9 اپریل 2020 16:48

انسانیت کی خدمت میں پیش پیش Careem کا ایک اور شاندارفلاحی اقدام
 کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اپریل 2020 ء) پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا نے جہاں لوگوں کو اس موذی مرض میں مبتلا کر دیا ہے، وہاں اس وبا کی روک تھام کے باعث تجارتی اور کاروباری مراکز بھی بند ہو چکے ہیں۔ لاکھوں مزدور اس خراب معاشی صورت حال میں روزگار اور آمدنی سے محروم ہو گئے جس کے باعث ان کے گھروں میں فاقوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ مشرق وسطیٰ اور پاکستان بھر میں لوگوں کو اُن کے گھروں کی دہلیز پر سفری سہولیات فراہم کرنے والی کریم کمپنی انسانیت کی خدمت اور بھلائی کے کاموں میں ہمیشہ ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔

ماضی میں بھی کریم کی جانب سے سماج کے محروم طبقات کے علاوہ اپنے کریم کپتانوں کی فلاح و بہبود پر مبنی متعدد اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی موجودہ صورت حال میں بھی کریم نے انسانی بھلائی کے مشن کے تحت ’رزق‘ اور ’کراچی ریلیف ٹرسٹ‘ جیسے نجی اور سرکاری فلاحی اداروں کے ساتھ اشتراک کیا ہے، جس کے تحت پاکستان کے متعدد شہروں میں غریب اور نادار افراد کو ان کے گھروں کی دہلیز پر راشنز بیگز پہنچائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حالیہ دنوں لاک ڈاؤن اور کاروبار ی و تجارتی سرگرمیوں کی عارضی بندش کے باعث سب سے دیہاڑی دار مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہے، جن کی مدد کی خاطرمذکورہ بالا فلاحی تنظیموں کی جانب سے تیار کیے گئے راشن بیگز لوگوں تک پہنچانے کا نیک کام کریم کے سپرد کیا گیا ہے۔ کریم کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر 300 راشن بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں، جبکہ اگلے چند روزمیں مزید فلاحی تنظیموں سے اشتراک اور تعاون کے بعد یومیہ بنیادوں پرزیادہ سے زیادہ راشن بیگز مستحق خاندانوں تک پہنچائے جائیں گے۔

کریم کپتانوں کے ذریعے اب تک پندرہ سو غریب گھرانوں میں راشن کے تھیلے تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔ اگلے چند روز میں مزید سینکڑوں افراد کو گھر بیٹھے کریم کپتانوں کی مدد سے راشن کی صورت میں امداد حاصل ہوگی۔سرکاری اور نجی فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر لوگوں تک راشن پہنچانے سے جہاں ایک نیک مشن کی تکمیل ہو رہی ہے، وہیں دوسری طرف حالیہ بحران کے باعث پریشان حال کریم کپتانوں کو بھی آمدنی حاصل ہو رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی مہم (Stay at Home) کے تحت کریم نے حکومت پنجاب سے اشتراک کیا ہے جس کے تحت جہاں لوگوں کو آن لائن آرڈرز کے ذریعے روزمرہ استعمال کا سامان ان کے گھروں تک پہنچایا جا رہا ہے تو دوسری جانب عوام کو طبی معاملات سے متعلق رہنمائی کے لیے حکومت کی ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن کے بارے میں بھی آگاہی دی جا رہی ہے۔
کریم پاکستان کے کنٹری جنرل مینجر ذیشان حسیب بیگ کااس حوالے سے کہنا ہے ”کریم لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے اور اس میں آسانیاں لانے کے مشن پر گامزن ہے۔

کریم کے عملے کی جانب سے پاکستان بھر کی معتبر فلاحی تنظیموں سے رابطہ اور اشتراک کر کے ضرورت مند افراد کو اشیائے ضروریہ ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ کریم کپتانوں کی صورت میں ہمارے پاس ملک بھر میں وسیع نیٹ ورک موجود ہے جس کے ذریعے سرکاری اور نجی فلاحی ادارے اپنے انسانی بہبود و بھلائی کے کاموں کو موثر انداز میں اور وسیع پیمانے پر انجام دے رہے ہیں۔

نادار طبقات تک راشن اور دیگر سامان پہنچانے کے باعث موجودہ صورت حال سے پریشان دیہاڑی دار کریم کپتانوں کو بھی کمائی حاصل ہو رہی ہے۔ کریم سروس کے ذریعے فلاحی سرگرمیاں انجام دینے کا سب سے بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ راشن کے لیے لوگوں کو اکٹھا بھی نہیں ہونا پڑ رہا، جس سے کورونا کے پھیلنے کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ کریم کپتانوں کے ذریعے ضرورت مند لوگوں کو ان کے گھروں تک ہی راشن پہنچا کر سماجی فاصلے کی بھی پاسداری ہو رہی ہے ، جس کے باعث لوگ اور ان کی مدد کرنے والئ فلاحی تنظیموں کے افراد دونوں میں کورونا وائرس کی منتقلی کے خطرات کم سے کم ہو گئے ہیں۔