رمیز کی عمر اکمل پر تنقید؛ کرپٹ کرکٹرز کو جیل بھیجنے کا مطالبہ

یہی وقت ہے پی سی بی میچ فکسنگ کو روکنے کیلئے باقاعدہ قانون سازی کرے : سابق کپتان و کمنٹیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 اپریل 2020 12:40

رمیز کی عمر اکمل پر تنقید؛ کرپٹ کرکٹرز کو جیل بھیجنے کا مطالبہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28اپریل 2020ء ) سابق قومی کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے عمراکمل پر 3 سال کی پابندی کو صلاحیت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ باضابطہ قانون سازی کر کے بدعنوانی کو روکے کیونکہ اب اس کا وقت آچکا ہے ۔رمیز راجہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ آخرکار سرکاری طور پر عمر اکمل بھی 3 سال کی پابندی کے ساتھ احمقوں کی فہرست میں شامل ہو گئے جو محض صلاحیت کا ضیاع ہے اور یہی وقت ہے جب پی سی بی میچ فکسنگ اور بدعنوانی کے دیگر طریقوں کو روکنے کیلئے باقاعدہ قانون سازی کرے تاکہ ملوث افراد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجا جا سکے ورنہ دوسری صورت میں وہ مزید بہادری سے کارنامے دکھائیں گے ۔

واضح رہے کہ رمیز راجہ محمد عامر اور شرجیل خان کی واپسی کی بھی مخالفت کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے آغاز سے قبل معطل کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کوڈ کی 2 مرتبہ خلاف ورزی پر چارج کیا گیا تھا جس کے باعث وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی سے بھی محروم رہ گئے تھے جبکہ انہوں نے نوٹس آف چارج کے جواب میں اینٹی کرپشن ٹربیونل میں سماعت کیلئے درخواست نہیں کی تھی جس کے بعد پی سی بی نے معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین کے سپرد کردیا تھا جس نے آج سماعت کرتے ہوئے انہیں سزا سنائی۔