کرونا تباہ کاریوں کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایشیا کی سب سے بہترین اسٹاک ایکسچینج بن گئی

پی ایس ایکس میں ایک ماہ کے دوران تقریباً 5 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا، رواں کاروباری ہفتے کا اختتام بھی تیزی پر ہوا

muhammad ali محمد علی جمعہ 1 مئی 2020 19:31

کرونا تباہ کاریوں کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایشیا کی سب سے بہترین ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی2020ء) کرونا تباہ کاریوں کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایشیا کی سب سے بہترین اسٹاک ایکسچینج بن گئی، پی ایس ایکس میں ایک ماہ کے دوران تقریباً 5 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا، رواں کاروباری ہفتے کا اختتام بھی تیزی پر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اپریل کا مہینہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے اچھاثابت ہواہے اور کے ایس ای100 انڈیکس میں 4 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کے ایس ای 100 انڈیکس مجموعی طور پر 4ہزار 880 پوائنٹس اضافے سے 34ہزار 111 پر بند ہوا۔ یوں اگر دیکھا جائے تو اپریل میں کے ایس ای 100 انڈیکس 17 فیصد بڑھا ہے۔اپریل میں 100 انڈیکس نے 5263 پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار کیا اور انڈیکس کی بلند ترین سطح 34178 اور کم ترین 28915 رہی۔

(جاری ہے)

اس ماہ 4.59 ارب شیئرز کے سودے 181 ارب روپے میں طے ہوئے۔

ماہ اپریل میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 755 ارب روپے بڑھ کر 6 ہزار 376 ارب روپے ہوگئی۔ یوں ایک ایسا وقت جب کرونا وائرس کی تباہ کاریوں کے باعث دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس مسلسل مندی کا شکار ہیں، تب پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا بھر کے معاشی ماہرین کو سرپرائز دینے میں کامیاب رہی۔ پاکستان کی معیشت بھی کرونا بحران کے باعث مشکلات کا شکار ہے، تاہم حکومت کی کوششوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہا، اور اسی باعث مارچ کے ماہ مندی کا شکار ہونے والے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اپریل کے ماہ میں بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہی۔