مقبوضہ کشمیر میں مسلسل دوسرے روز بھارتی فوج پر حملہ، کرنل اور میجر سمیت 9 فوجی اہلکار ہلاک

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ روز ہوئے حملے میں 5 فوجی جبکہ پیر کے روز حریت پسندوں کی جانب سے ہندواڑا کے علاقے میں بھارتی فوج کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں مزید 4 اہلکار ہلاک ہوئے

muhammad ali محمد علی پیر 4 مئی 2020 20:57

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل دوسرے روز بھارتی فوج پر حملہ، کرنل اور میجر ..
سری نگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04مئی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلسل دوسرے روز بھارتی فوج پر حملہ، کرنل اور میجر سمیت 9 فوجی اہلکار ہلاک، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ روز ہوئے حملے میں 5 فوجی جبکہ پیر کے روز حریت پسندوں کی جانب سے ہندواڑا کے علاقے میں بھارتی فوج کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں مزید 4 اہلکار ہلاک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر 2 روز کے دوران ہونے والے حملوں کے نتیجے میں ایک کرنل اور ایک میجر سمیت کل 9 فوجی ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پیر کے روز مقبوضہ کشمیر کے علاقے ہندواڑا میں حریت پسندوں کی جانب سے قابض بھارتی فوج کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

اس حملے کے نتیجے میں بھارتی فوج کا مسلسل دوسرے روز بڑا جانی نقصان ہوا ہے۔ ہندواڑا حملے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک کر دیے گئے، جبکہ 6 فوجی شدید زخمی بھی ہوئے۔

زخمی فوجی اہلکاروں کی حالت بھی خطرے میں ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر ہوئے حملے میں رنل اور میجر سمیت پانچ فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آشوتوش شرما گذشتہ پانچ سالوں کے دوران کسی بھی آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والا کرنل رینک کا پہلا بھارتی فوجی افسر ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ مقبوضہ کشمیر میں رواں برس بھارتی فوج کو ہونے والا سب سے بڑا نقصان ہے۔

گزشتہ روز کا حملہ بھی مقبوضہ کشمیر کے علاقے کپواڑہ میں ہی کیا گیا تھا۔ حملے کی ذمہ داری حال ہی میں بننے والی آزادی پسند تنظیم دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) نے اپنے مبینہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر قبول کی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ کرفیو کے نفاذ کے بعد سے بھارتی فوج کیخلاف کی جانے والی یہ سب سے بڑی مزاحمتی کاروائیاں ہیں۔