ملک میں کورونا سے مزید 21 جاں بحق ، ہلاکتوں کی تعداد 535ہوگئی

بدھ 6 مئی 2020 19:38

ملک میں کورونا سے مزید 21 جاں بحق ، ہلاکتوں کی تعداد 535ہوگئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2020ء) ملک میں کورونا وائرس سے اب تک مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 535 ہوگئی ، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 23274 تک جاپہنچی ہے،6217صحت یاب ہوگئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر کے مطابق بدھ کوملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 1037 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 21 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 451 کیسز 9 ہلاکتیں، پنجاب 560 کیسز 12 ہلاکتیں، اسلام آباد 21 کیسز اور کشمیر سے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ سے کورونا کے مزید 451 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 9 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 8640 اور ہلاکتیں 157 ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 54 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1731 ہوگئی ہے۔

پنجاب سے اب تک کورونا کے مزید 560 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 12 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نیکی۔ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا کیکیسز کی مجموعی تعداد 8693 اور ہلاکتیں 156 تک جا پہنچی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ 768 زائرین، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی اور 5917 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

پنجاب میں کورونا سے اب تک 3086 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 21 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 485ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔آزاد کشمیر سے بدھ کو کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 76 ہوگئی ہے اور 54 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔