کسانوں سے 14سو روپے فی من گندم خریدی جا رہی ہے،صوبائی سیکرٹری خوراک

ہفتہ 9 مئی 2020 17:49

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2020ء) صوبائی سیکرٹری خوراک پنجاب وقاص علی محمود نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت چھوٹے کسانوں کے مالی مفادات کے تحفظ اور انہیں اپنی فصل کا پورا معاوضہ دلانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے جس میں سب سے اہم گندم کی خریداری ہے جہاں کسانوں سے 14سو روپے فی من گندم کسی دقت کے بغیر خریدی جا رہی ہے، اس مہم کا مقصد کسانوں کو آڑھتیوں اور مڈل مین کی لوٹ گھسوٹ سے بچانا ہے اس لئے کسان اپنی فصل خریداری مراکز پر ہی فروخت کریں ۔

انہوں نے یہ بات یہاں گندم خریداری مرکز خانیوال کے دورہ پر گندم بیچنے کے لئے آنے والے کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈپٹی ریونیو محمد اکرام ملک، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر احمد جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری نے خریداری مرکزمیں کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ کسانوں کی زائد کٹوتی کی شکایت کو فورا دور کیا جائے اور وزن کو پورا تولا جائے۔

انہو ں نے کہا کہ کسانوں کے استحصال کی قطعا اجازت نہیں دی جا سکتی اور اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مرکز پر آنے والے کسانوں سے ان کے مسائل بھی معلوم کئے اور انہیں فوری حل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے سنٹر پر کورونا کے حوالہ سے حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اکرام ملک نے بتایا کہ ضلع خانیوال میں گندم خریداری کا 62 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :