پیرجوگوٹھ میں پیربگاڑا کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

پیرجوگوٹھ میں مزید251 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق، گوٹھ کے متعدد علاقوں کو سیل کرکے رینجرز اور پولیس تعینات کردی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 مئی 2020 18:22

پیرجوگوٹھ میں پیربگاڑا کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
خیرپور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی 2020ء) پیرجوگوٹھ میں پیربگاڑا کے بیٹے کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، پیرجوگوٹھ میں مزید251 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے باعث گوٹھ کے متعدد علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیرپورکی تحصیل پیرجوگوٹھ میں مسلم لیگ فنکشنل پیرصبغت اللہ شاہ راشدی پیرپگاڑا کے بیٹے ایم پی اے پیر سید راشد شاہ راشدی پگاڑا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، پیر سید راشدی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے رکن سندھ اسمبلی ہیں۔

خیرپور کے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کا کہنا ہے کہ پيرجوگوٹھ ميں 316 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کيے گئے، جن ميں 251 افراد ميں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جبکہ صرف 65 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

(جاری ہے)

نئے کیسز کے ساتھ پیرجوگوٹھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 285 ہوگئی ہے۔ کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے خدشات کے باعث متعدد علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

جبکہ پیرجوگوٹھ میں لوگوں کی سہولت کے پیش نظر آئیسولیشن وارڈز بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمگیر وبا کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 1080 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5498 ٹیسٹ کئے گئے جس کا 20 فیصد یعنی 1080 کیسز مثبت آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10771 ہوگئی ہے، آج 4 مریض انتقال کرگئے، اس طرح کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 180 ہوگئی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت سندھ میں 8571 مریض زیرعلاج ہیں، زیرعلاج مریضوں میں 7432 گھروں، 609 آئیسولیشن مراکز اور 530 ہسپتالوں میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ 101 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور ان میں 23 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

کراچی سے رپورٹ ہونے والے 583 کیسز میں سے ضلع جنوبی سے 143، ملیر میں 133، ضلع شرقی میں 113، ضلع وسطی میں 78، کورنگی میں 61 اور ضلع غربی میں 55 کیسز سامنے آئے۔ سندھ کے دیگر شہروں میں کورونا کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ سکھر میں 34، حیدرآباد میں 19، گھوٹکی اور لاڑکانہ 17-17، کشمور کندھ کوٹ میں 8، شہید بینظیرآباد میں 7، مٹیاری میں 5 ، میرپورخاص میں 4، جامشورو اور قمبر شہدادکوٹ میں 3-3 اور ٹنڈوالہیار میں 2 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔