شام میں 150 فلسطینی خاندانوں کو نئی نقل مکانی کا سامنا

پیر 11 مئی 2020 23:20

شام میں 150 فلسطینی خاندانوں کو نئی نقل مکانی کا سامنا
دمشق ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2020ء) انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے کہا ہے کہ شام کے مغربی شہر درعا میں جلین کے مقام پر عارضی قیام گاہوں میں 150 فلسطینی خاندان ایک نئی نقل مکانی کا سامنا کررہے ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق درعا گورنری میں امن وامان کی خراب صورت حال کے باعث 150 فلسطینی خاندانوں کو ایک نئی ھجرت کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں درعا میں الزیریب کے مقامپر مسلح افراد کی جانب سے 9 پولیس اہلکاروں کے قتل کے واقعہ اور علاقہ میں بشارالاسد کی فوج کے حملوں کے خدشہ میں ڈیڑھ سو کے قریب فلسطینی خاندانوں کو ایک نئی پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ المزیریب کے مقام پر نو پولیس اہلکاروں کے قتل کے بعد حکومت وہاں پرایک بڑی فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے اور اس نے علاقے میں کمک روانہ کردی ہے۔فلسطینی پناہ گزینوں کا کہنا تھا کہ ان کے بعض خاندانوں کے پاس مال مویشی بھی ہیں اور یہ صورتحال ایک نئی نقل مکانی کے علاوہ ان کی مشکلات میں اضافہ کرسکتی ہے جن کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے شام میں موجود فلسطینی پناہ گزین پہلے ہی سنگین مشکلات اور پابندیوں کا شکار ہیں۔