برٹش ائیرویز نے پروازوں کے دوبارہ آغاز کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کر دیا

برطانوی ایئرلائن کی جانب سے فضائی آپریشن کے آغاز میں مزید تاخیر کرتے ہوئے جولائی سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

muhammad ali محمد علی منگل 12 مئی 2020 23:56

برٹش ائیرویز نے پروازوں کے دوبارہ آغاز کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کر دیا
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مئی 2020ء) برٹش ائیرویز نے پروازوں کے دوبارہ آغاز کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کر دیا، برطانوی ایئرلائن کی جانب سے فضائی آپریشن کے آغاز میں مزید تاخیر کرتے ہوئے جولائی سے پروازیں بحال کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق برٹش ایئرویز نے جولائی سے فضائی آپریشن دوبارہ سے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ برٹش ائیرویز جلد سے جلد پروازوں کی بحالی کی کوشش کر رہی تھی، تاہم اب یہ کام جولائی سے قبل ممکن نہیں ہو پائے گا۔

برطانوی ائیرلائن جولائی کے ماہ میں پروازوں کا دوبارہ سے آغاز کرے گی۔ تاہم برٹش ایئر ویز کمپنی کے مالک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسافروں کی تعداد معمول پر آنے میں طویل عرصہ درکار ہوگا۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ 2023 سے قبل مسافروں کی تعداد معمول پر نہیں آ سکتی۔

(جاری ہے)

برطانوی ائیرلائن حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے وزیر اعظم کی نئی پالیسی کے اعلان کے بعد فضائی آپریشن کی بحالی مزید تاخیر کا شکار ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کے نئے قوانین کے مطابق برطانیہ آنے والے تمام مسافروں کو 14 روز قرنطینہ میں رہنے پڑے گا۔ اس نئے قانون کا برطانوی شہریوں اور سیاحوں پر اطلاق ہوگا۔ اس حوالے سے برٹش ایئر ویز کمپنی کے مالک نے ملک کے وزیر اعظم بورس جانس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایئرلائن انڈسٹری پہلے ہی بحرانی حالات سے گزر رہی ہیں اور ایسے میں نئے برطانوی قوانین مذید مشکلات پیدا کریں گے۔

برطانوی حکومت کی نئی پالیسی سے برطانیہ آنے مسافروں کی تعداد بہت کم ہوگی۔ اس صورتحال میں تمام بڑی ائیرلائن کیلئے بحران سے نکلنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ ہم برٹش ایئرویز کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں تاہم اب تک ہزاروں ملازمین بحالت مجبوری نوکریوں سے فارغ کیے جا چکے ہیں۔ یہاں یہ واضح رہے کہ کرونا وائرس پھیلاو کے باعث برطانیہ کا کمرشل فلائٹ آپریشن کئی ہفتوں سے بند ہے۔ اس صورتحال کے باعث بیشتر ہوا باز کمپنیاں دیوالیہ ہونے کے دہانے پر ہیں۔