ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے خسرو بختیار ،ہاشم جواں بخت کے اثاثوں کی تحقیقات تین ماہ میں مکمل کرنیکی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی

بدھ 13 مئی 2020 19:30

ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے خسرو بختیار ،ہاشم جواں بخت کے اثاثوں کی تحقیقات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اورصوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کے اثاثوں کی تحقیقات تین ماہ میں مکمل کرنے کا جواب جمع کرانے پر درخواست نمٹا دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ خسرو بختیار نے این اے 177 رحیم یار خان سے جبکہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے پی پی 259 رحیم یار خان سے انتخاب لڑا اور کامیابی حاصل کی تاہم دونوں بھائیوں نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے اور انہیں گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔

خسرو بختیار وفاقی اور ان کے بھائی ہاشم جواں بخت صوبائی وِزیر ہیں۔درخواست گزار نے نیب ملتان کو ان کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دی تاہم کوئی کارروائی نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔

(جاری ہے)

نیب ملتان نے انکوائری اب مزید کارروائی کے لیے نیب لاہور بھجوادی ہے جبکہ درخواست گزار کو انکوائری کی پیشرفت بارے آگاہ نہیں کیا جارہا۔استدعاہے کہ عدالت نیب انکوائری ملتان سے لاہور منتقل کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے اوردونوں بھائیوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اور نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم بھی دے۔

دوران سماعت نیب کی جانب سے فاضل بینچ کو آگاہ کیا کہ مخدوم خسرو بختیار اور مخدوم ہاشم جواںبخت کے خلاف تحقیقات کے لیے ریکارڈ اکٹھا کیا گیا ہے اورتین ماہ میں انکوائرای مکمل کر لی جائے گی ۔فاضل عدالت نے نیب کی یقین دہانی کا جواب داخل کرنے پر درخواست نمٹا دی۔