سعودی عرب میں کورونا کے 2039نئے کیسز سامنے آگئے، مزید 10افراد جاں بحق

مملکت میں متاثرہ افراد کی تعداد 46ہزار869ہوگئی، 283مریض جان بحق ہوچکے، 17622مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 14 مئی 2020 18:11

سعودی عرب میں کورونا کے 2039نئے کیسز سامنے آگئے، مزید 10افراد جاں بحق
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14مئی 2020ء) سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی یومیہ تعداد بڑھنے لگی، مملکت میں مزید 2039مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس سے مجموعی مریضوں کی تعداد46ہزار869 ہوگئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 2039مریضوں کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ نئے کیسز کے ساتھ کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 46869 ہوگئی ہے۔

لیکن اس کے ساتھ اموات کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، پچھلے 24 گھنٹے میں 10مریض انتقال کرگئے ، جس سے اموات کی تعداد 283 ہوگئی ہے۔اسی طرح صحت یاب مریضوں کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ مجموعی تعداد میں 30 فیصد مریض صحت یاب ہوگئے ہیں، آج بھی مزید 1429مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 19051 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اس سال حج کا بڑے پیمانے پر انعقاد نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

سعودی حکومت کی جانب سے حج سے متعلق حتمی اعلان تاحال نہ کیا جا سکا۔وزارت مذہبی امور نے سعودی وزارت حج سے رابطہ بھی کیا ہے اور استفسار کیا ہے کہ رواں سال حج ہوگا یا نہیں یا اس حوالے سے کیا انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے حکومت کو جواب دیا گیا ہے کہ کورونا کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔صورتحال کلیئر ہونے پر تمام ممالک کا آغاز کیا جائے گا۔

حکام وزارت مذہبی امورکا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ حج سے متعلق ایس او پیز کے مطابق انتظامات کریں گے۔ ایک کمرے میں ایک شخص کو رکنے کی اجازت ہوئی تو حج مہنگا ہوگا۔حکام وزارت مذہبی امور کا مزید کہنا ہے کہ رمضان کے بعد حج کا فیصلہ ہوا تو ہنگامی انتظامات کرنے ہونگے۔ رمضان المبارک کے بعد اگر حج کرانے کا فیصلہ ہوا تو ہمارے پاس وقت کم ہوگا۔ سعودی وزارت حج کی جانب سے حج 2020 کے ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے متوقع ہے۔