پنجاب فوڈ اتھارٹی کی رمضان المبارک میں عوام کو ناقص غذا سے محفوظ رکھنے کی کوشش جاری

رمضان المبارک میں 19263 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ،201 سیل،94 کی پروڈکشن بند، 5668 کلو ناقص مصالحہ جات تلف

بدھ 20 مئی 2020 13:30

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی رمضان المبارک میں عوام کو ناقص غذا سے محفوظ رکھنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی رمضان المبارک میں عوام کو ناقص غذا سے محفوظ رکھنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔فوڈ اتھارٹی کی جانب سے رمضان المبارک میں 19263 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ،201 سیل،94 کی پروڈکشن بند، 5 مقدمات درج کیے گئے،ایک لاکھ 23 ہزار 426 لٹر ناقص دودھ، 5668 کلو ناقص مصالحہ جات تلف کیے گئے۔ 1207کلو گوشت، 1671کلو دالیں،985 کلو گھی،601 کلو ملاوٹی بیسن تلف کیا گیا۔

2ہزار 851 نئے فوڈ پوائنٹس کے لائسنس اپلائی کروائے گئے۔ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کے لیے خفیہ اطلاع پر 185 آپریشن کیے گئے۔771کنال پر گندے اور سیوریج کے پانی سے اگی مضر صحت سبزیاں تلف کر دی گئیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کاکہنا ہے کہ عید کے لیے تیار کی گئی45ہزار 293لیٹر جعلی کولا ڈرنکس پینے سے شہریوں کو بچایا گیا۔

(جاری ہے)

تمام جعلی کولا ڈرنکس موقع پر تلف، 7جعلی فیکٹریاں جڑ سے اکھاڑ دی گئیں۔

15ہزار230 کلو ڈیری پروڈکٹس، 26657 کلوناقص اچار اور مربہ پکڑ کر تلف کیا گیا۔رمضان المبارک میں 2 کروڑ ایک لاکھ63ہزار کی مختلف ملاوٹی اشیا تلف کی گئیں۔آپریشن ٹیموں 3 شفٹوں میں سحر و افطار کے اوقات سمیت 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہیں۔کورونا جیسی موذی وبا کے باوجود پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی پر عوام کا اعتماد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔عوام کے اعتماد کو قائم رکھنے کے لیے اپنی پوری قوت صرف کر رہے ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ایسا دور لانے کے لیے کوشاں ہے کہ ملاوٹی اشیا خورونوش کا تصور ہی ختم ہو جائے۔