متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 941 نئے کیسز، 6 اموات

نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی گنتی 26ہزار4 ہو گئی، مزید 1018 افراد صحت یاب

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 مئی 2020 23:02

متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 941 نئے کیسز، 6 اموات
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مئی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 941 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی گنتی 26,004 ہو گئی ہے۔ کورونا کے تمام نئے مریضوں کی حالت مستحکم ہے۔پچھلے چند روز میں مملکت کے مختلف علاقوں میں 40 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ لئے گئے۔ پچھلے 24گھنٹوں میں کورونا کے 1,018 مریض صحت یاب ہو گئے، جو ایک ہی دن میں شفا پانے والے مریضوں کی ریکارڈ گنتی ہے۔

امارات میں اب تک کورونا کے 11,809 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز کورونا کےچھ مریض انتقال کر گئے، جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل تعداد 233 ہو گئی ہے۔ وزارت نے کورونا کے باعث مرنے والے مریضوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ تمام زیر علاج مریضوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی مہم میں حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سماجی فاصلے کو کبھی نظر انداز نہ کریں۔

رش والے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ متحدہ عرب امارات نے 20 مئی سے تاحکم ثانی رات کے کرفیو کے دورانیے میں مزید دو گھنٹے اضافہ کا فیصلہ کیا ہے اب اس کرفیو کا آغاز رات8 بجے ہوگا اور صبح6 بجے تک جاری رہے گا‘یو اے ای کی حکومت نے ملک بھر میں کرونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے 26 مارچ کو صفائی ستھرائی کا قومی پروگرام شروع کیا تھا اور اس پر عمل درآمد کے لیے رات دس بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کردیا تھا.اس پروگرام میں یواے ای کے مختلف سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنان ، نگران اور منتظمین حصہ لے رہے ہیں۔

اس تطہیری پروگرام کے تحت دبئی میٹرو ، ٹیکسیوں ، بسوں اور ٹراموں کو مصفا کیا گیا ہے اور کیا جارہا ہے یو اے ای کے حکام کا کہنا ہے کہ اب خریداری مراکز اور مال صبح نو بجے سے شام سات بجے تک کھلیں رہیں گے یو اے ای میں جاری نظافت کے اس پروگرام کے تحت ریستوران ، باہمی تعاون کی سوسائٹیاں ، روزمرہ استعمال کی دکانیں ، سپرمارکیٹیں اور دوا خانے ہفتے میں سات دن اور 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہے.