کورونا وائرس،فلسطین کا متحدہ عرب امارات کی امداد قبول کرنے سے انکار

ہم ایک خودمختار ملک ہیں ،اماراتی حکام کو سب سے پہلے ہم سے رابطہ کرنا چاہیے تھا، فلسطینی وزیر صحت

جمعہ 22 مئی 2020 14:36

کورونا وائرس،فلسطین کا متحدہ عرب امارات کی امداد قبول کرنے سے انکار
مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2020ء) فلسطینی حکام نے کورونا وائرس کیلئے متحدہ عرب امارات کی امداد قبول کرنے سے انکار کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی اتھارٹی نے بذریعہ اسرائیلی ائیرپورٹ امداد بھیجنے پر متحدہ عرب امارات کی امداد کو مسترد کردیا اور اسے قبول کرنے سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی وزیر صحت نے کہاکہ اماراتی حکام نے امداد کے لیے ہم سے کسی بھی قسم کا رابطہ نہیں کیا ، تل ابیب ائیرپورٹ کے ذریعے امداد بھیجنا اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول کے مطابق بتانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے امداد کے سلسلے میں فلسطینی حکام کو نظر انداز کیا لہٰذا بغیر کسی رابطے کے امداد کو مسترد کرتے ہیں اور اسے قبول نہیں کریں گے۔فلسطینی وزیر صحت نے کہا کہ ہم ایک خودمختار ملک ہیں اس لیے اماراتی حکام کو سب سے پہلے ہم سے رابطہ کرنا چاہیے تھا۔واضح رہے کہ منگل کے روز امارات کا سرکاری طیارہ ابو ظبی سے فلسطین کے لیے طبی امداد لے کر اسرائیلی ائیرپورٹ پہنچا تھا جو اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری تعلقات نہ ہونے کے باوجود پہلی پرواز تھی۔