ریت سے حیرت انگیز حقیقت سے قریب تر مجسمے بنانے والا خود آموز فنکار

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 22 مئی 2020 23:51

ریت سے  حیرت انگیز حقیقت سے قریب تر مجسمے بنانے  والا خود آموز فنکار
اندونی باستاریکا کا تعلق سپین کے خودمختار باسک ملک  سے ہے۔ وہ ایک ملٹی میڈیا آرٹسٹ ہیں۔ انہوں نے صرف ریت سے حقیقت سے قریب ترین مجسمے بنا کر کافی شہرت  حاصل کر لی ہے۔
اندونی  اپنے باسک ملک کے ساحلوں پر آنے والے لوگوں کی تفریح کے لیے ریت سے مجسمے بناتے ہیں۔ انہیں یہ کام کرتے ہوئے دس سال ہونے والے ہیں لیکن انہیں شہرت حالیہ دنوں میں  اس وقت ملی جب اُن کے بنائے حقیقی زندگی کے سائز کے بیل کے مجسمے کی تصویر ریڈٹ پر  وائرل ہوئی۔

صرف ریت سے بنائے ہوئے بیل کے اس مجسمے کی تیاری میں اندونی نے باریک ترین جزیات کا خیال بھی رکھا تھا۔ اس کے بعد جلد ہی اندونی کے بنائے دوسرے مجسموں کی تصویریں بھی وائرل ہونے لگیں۔
رپورٹ کے مطابق باسک  فن کار نے ریت سے مجسمے بنانے کے تجربات 2010ء میں شروع کیے تھے۔

(جاری ہے)

وہ  اپنے بچوں کے ساتھ ساحل پر آتے اور انہیں تفریح فراہم کرنے کے لیے ایسے مجسمے بناتے۔

اس پر لوگوں کا رد عمل اتنا مثبت آیا کہ انہوں نے اپنے نئے دریافت کردہ فن پر مزید توجہ مرکوز کر دی۔ انہوں نے اس کے لیے اپنی ہی تیکنیک وضع کیں۔اس طرح کے مجسمے بنا کر نہ صرف اندونی کا شوق پورا ہوتا ہے بلکہ گرما میں انہیں اضافی  آمدن بھی ہو جاتی ہے۔
عام طور پر اندونی اپنے ہاتھوں سے ریت کے مجسمے بناتے ہیں لیکن جب باریک جزیات کی بات ہو تو وہ سادہ اوزار جیسے برش اور ٹوتھ پک کا استعمال کرتے ہیں۔

حقیقت کا مزید رنگ بھرنے کےلیے وہ دوسری چیزیں بھی استعمال کرتے ہیں، جیسے بیل کے مجسمے میں انہوں نے سینگوں کا استعمال کیا ہے۔اندونی  ورکشاپس کا انعقاد بھی کرتے ہیں، جہاں وہ لوگوں کو ریت سے مجسمے بنانے کے گُر سکھاتے ہیں۔


متعلقہ عنوان :