صوبائی وزیر تجارت میاں اسلم اقبال سے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے مذاکرات کامیاب

پنجاب حکومت اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایسوسی ایشن کے مابین معاملات طے پا گئے، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کل سے مرغی کا گوشت 260 روپے فی کلوگرام فروخت ہوگا، زائد چارج کرنیوالے دکاندار کیخلاف سخت ایکشن ہوگا‘اسلم اقبال

ہفتہ 23 مئی 2020 17:25

صوبائی وزیر تجارت میاں اسلم اقبال سے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میں ا سلم اقبال سے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری محمد فرغام کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور پولٹری انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں طے پایا کہ کل سے عید کے 3 دن تک مرغی کا گوشت 260 روپے کلوگرام کے حساب سے فروخت ہوگا۔ عید کے بعد پولٹری ایسوسی ایشن کے ساتھ دوبارہ میٹنگ ہوگی اور پولٹری انڈسٹری کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور قیمتوں کا بھی تعین کیا جائے گا۔

سیکرٹری صنعت و تجارت کیپٹن (ر) ظفر اقبال، سیکرٹری لائیوسٹاک اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولٹری ایسوسی ایشن کے ساتھ معاملات کامیابی سے طے پا گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کل سے عید کے 3 دن تک مرغی کا گوشت 260 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہوگا۔ دکانداروں کو خبردار کرتا ہوں کہ اگر کسی نے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی انڈسٹری چلے گی تو قومی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر انڈسٹری چلے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ پولٹری انڈسٹری کو بند نہیں ہونے دیں گے۔ اس کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے اور عید کے بعد پولٹری ایسوسی ایشن کے ساتھ معاملات طے کرکے قیمتوں کا بھی تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری انڈسٹری کا معیشت کے فروغ میں بڑا اہم کردار ہے اور ہم اس کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔

پولٹری انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب حکومت وفاقی حکومت کو اپنی سفارشات بھی بھجوائے گی تاکہ لوگوں کو مرغی کا گوشت سستے داموں ملے۔ اجلاس کے دوران طیارہ حادثے کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ بعدازاں صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ٹان شپ ماڈل بازار اور دیگر مارکیٹوں کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ اشیائے خورد و نوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میری ٹیم عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے میدان عمل میں موجود ہیں۔ کسی کو غریب کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے صارفین سے کہا کہ گراں فروشی کے بارے میں فوری اطلاع کریں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ایک گھنٹے کے اندر موقع پر پہنچے گا۔

انہوں نے صارفین سے یہ بھی کہا کہ کسی منافع خور سے سامان نہ خریدیں۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ریسٹورنٹس کھولنے سے متعلق مشاورت جاری ہے، حتمی فیصلہ وزیراعلی پنجاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مارکیٹوں کے حوالے سے ماہرین کی مشاورت سے فیصلے کئے گئے ہیں۔